Homeتلنگانہ

راج بھون کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی کوشش:ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دھوم دھام سے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کا آغاز کیا تھا مگر اس اسکیم کے لیے مختص فنڈس کا 80 فیصد حصہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تشہیر پر ہی خرچ ہورہا ہے۔

راج بھون کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی کوشش:ہریش راؤ

آر ٹی سی بس کرایوں میں مزید اضافہ ممکن: باجی ریڈی
شرمیلا کی یاترا41ویں دن میں داخل
آصف آباد میں مسابقتی امتحانات کیلئے مفت کوچنگ سنٹرس کاقیام

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی قائدین پر خواتین کا احترام نہ کرنے کا الزام لگایا۔ آج دفتر مقننہ ٹی آر ایس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کی جانب سے اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں خطاب کے لیے گورنر کو مدعو نہ کرنے حکومت کے فیصلہ پر کی گئی تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کی خاتون گورنر کملا بینی وال کو برطرف کردیا۔

گذشتہ دنوں چیف منسٹر آسام ہیمنت بسوا شرما نے ملک بھر کی ماؤں کی توہین کی تھی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دھوم دھام سے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کا آغاز کیا تھا مگر اس اسکیم کے لیے مختص فنڈس کا 80 فیصد حصہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تشہیر پر ہی خرچ ہورہا ہے۔

اس بات کا انکشاف فوڈ پارلیمنٹری کمیٹی نے کیا ہے جس سے صاف طور پر محسوس کیا جاسکتا ہے کہ خواتین کی توہین کون کررہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی قائدین سے جاننا چاہا کہ راج بھون کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی کوشش کیوں کررہے ہیں۔

گورنر کو سیاست میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ عوامی مسائل حل کرنے سکریٹریٹ، ایوانِ اسمبلی موجود ہے۔ بی جے پی کی جانب سے گورنر کو مدعو نہ کرنے کے فیصلہ کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کے فیصلہ کو معلومات کا فقدان قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بنڈی سنجے کو اسمبلی کے اختیارات سے متعلق معلومات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر گورنر کے عہدہ کا احترام کرتے ہیں۔ سابق میں ای ایس ایل نرسمہن اور موجودہ گورنر ڈاکٹر تملی سائی سوندر راجن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہریش راؤ نے ٹی آر ایس کو راستہ دکھانے والی مشعل اور بی جے پی کو ناکارہ چراغ قرار دیتے ہوئے بنڈی سنجے کو ایک بار دستور ہند کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کے خلاف بی جے پی ہی ناراضگی ہے۔ انہیں دوسروں کو درس دینے سے قبل بی جے پی کی تاریخ پر نظر ڈالنی چاہیے کہ کس طرح بی جے پی نے گورنر کے عہدہ کا غلط استعمال کیا تھا بغیر اکثریت حاصل کیے بی جے پی قائد کو چیف منسٹر بنایا گیا۔

انہوں نے چھوٹی چھوٹی باتوں کو مسئلہ بنانے کی بی جے پی کی عادت کو ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کا مانسون اجلاس ختم ہی نہیں کیا گیا تھا۔ موجودہ طلب کردہ اجلاس مانسون اجلاس کا سلسلہ ہے۔

بی جے پی کو حب الوطنی کا درس دینے کے طریقہ سے باز آجانے کا مشورہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پاکستان جاکر دعوت کے مزے کس نے لوٹے تھے، ملک کے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دینا چاہتی ہے تو بی جے پی کے لیے ہی مسائل کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی‘ خواتین کے احترام سے متعلق درس دینا چھوڑ دے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر وی پرشانت ریڈی و و دیگر موجود تھے۔