راہول گاندھی ناکام سیاست داں خاندانی حکومت کے ریمارک پر سمرتی ایرانی کی تنقید

بی جے پی نے آج راہول گاندھی کو ایک ناکام وارث اور ناکام سیاست داں قرار دیا ۔ قبل ازیں کانگریس کے نائب صدر نے امریکہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران خاندانی سیاست کا دفاع کیا تھا۔ راہول گاندھی کی تقریر کے چند ہی گھنٹوں کے اندر مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کا یہ اعتراف کہ 2012ءمیں کانگریس مغرور ہوگئی تھی ، ایک بڑا سیاسی اعتراف ہے اور یہ بیان سونیا گاندھی کے بارے میں ہے ، جو ہنوز پارٹی کی صدر ہیں ۔ سمرتی ایرانی نے بی جے پی کی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک ناکام وارث نے آج امریکہ میں اپنے ناکام سیاسی سفر کے بارے میں بات کرنا پسند کیا ، چونکہ ہندوستان میں کوئی انہیں نہیں سن رہا ہے ، اس لیے وہ کسی اور مقام پر تقریر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاید پہلی مرتبہ کانگریس کے نائب صدر نے اپنی پارٹی کی صدر کو طعنہ دیا ہے ، اب پارٹی کو ہی اس پر اپنا محاسبہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ برکلے میں واقع یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ¿ تنقید بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ پھوٹ ڈالنے کی سیاست کررہے ہیں اور ان کے اندھا دھند و خطرناک فیصلوں جیسے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے ہندوستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔

جواب چھوڑیں