ششی کلا‘ عبوری جنرل سکریٹری کے عہدہ سے برخواست

 اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل کونسل نے آج عبوری جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا کو جو جیل میں بند ہیں‘ باہر جانے کا راستہ دکھادیا۔ انہیں ان کے عہدہ سے ہٹادیا گیا اور انہوں نے جتنے تقررات کئے تھے ان سب کو منسوخ کردیا گیا۔ جنرل کونسل اجلاس نے جنرل سکریٹری کا طاقتور عہدہ بھی برخواست کردیا۔ اس سلسلہ میں قراردادیں منظور کی گئیں۔ ششی کلا نے کرپشن کیس میں بنگلورو کی عدالت میں خود کو قانون کے حوالہ کرنے تک (15 فروری) جتنے تقررات کئے تھے وہ منسوخ کردیئے گئے۔ انہوں نے جتنوں کو پارٹی سے نکالا تھا وہ سب واپس آجائیں گے۔ جنرل کونسل نے ششی کلا کے تمام فیصلے رد کردیئے۔ ان کے بھتیجہ دیناکرن کا تقرر بھی ازخود منسوخ ہوجائے گا۔ پارٹی سربراہ جے جیہ للیتا کے گذر جانے کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل کونسل نے 29 دسمبر کو ششی کلا کو جنرل سکریٹری مقرر کیا تھا تاہم ایک دن بعد سپریم کورٹ نے انہیں اور دیگر 2 افرادکو غیرمتناسب اثاثے کیس میں خاطی قراردیا تھا۔ 15 فروری کو وہ بنگلورو سنٹرل جیل پہنچ گئیں۔ آج کے اجلاس میں پارٹی کو چلانے 2 نئے عہدے کوآڈینیٹر اور جوائنٹ کوآرڈینیٹر قائم کئے گئے۔

جواب چھوڑیں