لندن ٹیوب ٹرین پر دہشت گرد حملہ ‘ 22 مسافرین زخمی

 لندن ٹیوب ٹرین کے ڈبہ میں جمعہ کے دن مصروف اوقات میں دھماکہ ہوا۔ کم ازکم 22 افراد زخمی ہوگئے۔میٹروپولیٹن پولیس نے اسے دہشت گرد حملہ قراردیا ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنراور سینئر نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی نیل باسو نے کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ ہے۔ دی گارجین نے یہ اطلاع دی۔ جنوب مغربی لندن کے پارسنس گرین اسٹیشن (ڈسٹرکٹ لائن) میں صبح 8:20 بجے دھماکہ کے بعد 22 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مارک رولی نے کہا کہ شبہ ہے کہ دھماکو آلہ سے یہ دھماکہ کیا گیا۔ اس آلہ سے ایک ٹائمر جڑا تھا۔ لندن ایمبولنس سروس کا کہنا ہے کہ کسی بھی زخمی کی حالت نازک نہیں۔ ڈاننگ اسٹریٹ نے اعلان کیا کہ وزیراعظم تھیریسا مے کی صدارت میں کوبرا ایمرجنسی کمیٹی کااجلاس منعقد ہوگا۔ مسافرین نے اطلاع دی کہ انہوں نے ٹرین میں ایک دھماکو آلہ دیکھا اور مصروف اوقات میں دھماکہ کی آواز سنی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ کم ازکم ایک مسافر کے چہرہ پر زخم آئے۔ دیگر نے بتایا کہ دہشت کے مارے لوگ ٹرین سے باہر کودپڑے۔ سوشیل میڈیا پر تصاویر میں سوپر مارکٹ کے ایک بیاگ میں سفید بکیٹ سے دھواں نکلتا دکھایا گیا۔ ٹرین کے ڈبہ کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ بی بی سی نے یہ اطلاع دی۔ لندن کے میئر صادق خان نے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کو دہشت گردی کبھی بھی دھمکا نہیں سکتی اور نہ وہ اسے شکست دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھماکہ کے بعد اس کے ذمہ داروںکی تلاش جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ لائن پر ارلس کورٹ اور ومبلڈن کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی۔ اسی دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے برطانوی عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر دہشت گردی سے نمٹیں۔رائٹر کے بموجب لندن میں صبح کے مصروف اوقات میں مسافرین سے بھری ٹرین میں دھماکہ ہوا جس میں کئی افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے کہا کہ وہ اسے دہشت گرد حملہ مانتی ہے۔ پارسنس گرین انڈر گرانڈ اسٹیشن میں صبح 8:20 بجے (ہندوستانی وقت دوپہر 1:10 بجے) یہ دھماکہ ہوا۔ ٹرین کے ڈبہ میں آگ دیکھ کر مسافرین باہر کودپڑے۔ بعض کو جھلسنے سے زخم آئے ہیں جبکہ دیگر بھگدڑ میں زخمی ہوئے۔ لندن ایمبولنس سروس کا کہنا ہے کہ اس نے 18 افراد کو ہسپتال پہنچایا ہے جن میں کسی کی بھی حالت نازک نہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ لوگ ایک دوسرے پر گرپڑے ۔ ہر طرف فون ‘ ہیاٹس اور بیاگس بکھرے پڑے تھے۔ اس نے کہا کہ اس نے ایک بیاگ کو جلتے دیکھا ۔

جواب چھوڑیں