پرینکا چوپڑا کی سکم تبصرے پر معذرت خواہی

اداکارہ پرینکا چوپڑا نے آج سکم ریاست کو غلطی سے شورش زدہ ریاست قرار دیتے ہوئے وہاں کے عوام کے جذبات اور وقار کو ٹھیس پہنچانے پر معذرت خواہی کی۔ ریاستی حکومت نے اداکارہ کی مذمت کرتے ہوئے سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ”سیاسی ناخواندہ“ قرار دیا۔ ٹورنٹو فلم فیسٹیول پر ایک انٹریو میں اداکارہ پروڈیوسر نے کہا تھا کہ ان کی فلم ”پاہونا“ شورش سے متاثر ریاست کی پہلی فلم ہے ۔ ریاستی حکومت اور سکم کے عوام کو منانے کی امید کرتے ہوئے ”کوانٹیکو“ کی اداکارہ نے معذرت خواہی کا ایک لمبا چوڑا بیان جاری کیا۔ مجھے دکھ ہے کہ حالیہ انٹرویو کے دوران میرے تبصرہ سے اتنی ٹھیس پہنچے گی جبکہ میرا قطعی ایسا ارادہ نہیں تھا۔ سکم کو شورش زدہ قرار دینے کا میرا کبھی ارادہ نہیں تھا۔ میرا بیان فلم کے سیاق و سباق میں تھا جو ایسے لوگوں کی کہانی ہے جو جنگ سے پریشان ہو کر پناہ گزیں بنتے ہیں۔ سکم کو پُرامن، سرسبز و شاداب اور امن پسند لوگوں کی ریاست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ” میں جانتی ہوں کہ میرے بیان سے سکم کے عوام کے جذبات اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے جس کے لیے میں واقعی معذرت خواہ ہوں۔“ اداکارہ نے کہا کہ اپنے تبصرہ کی وہ مکمل ذمہ داری لیتی ہیں اور اعتراف کرتی ہیں کہ انہیں بہتر جانکاری رکھنی چاہیے تھی۔

جواب چھوڑیں