سلمان خان کے لیے گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ

برطانوی پارلیمنٹ نے بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو ان کی خدمات کے عوض سنہ 2017 کے گلوبل ڈائیورسٹی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

سلمان خان نے ایک ٹویٹ میں چند تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اس اعزاز کو اپنے لیے ‘قابل افتخار’ قرار دیا ہے۔

انھیں یہ ایوارڈ فلم انڈسٹری میں ’بطور اداکار، فلم ساز، ٹی وی سٹار، گلوکار اور ان سب سے بڑھ کر ان کی انسان دوستی اور فیاضی‘ کے لیے دیا گيا ہے۔

سلمان خان کو اعزاز سے نوازتے ہوئے ہندوستانی نژاد برطانوی پارلیمان کیتھ ویز نے کہا کہ ‘سلمان خان دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے ہیرو اور قابل تقلید شخصیت ہیں۔’

انھوں نے کہا کہ ہندوستانی سینیما میں ان کی کامیابی کے ساتھ وہ معروف مخیر شخصیات میں شامل ہیں اور ان کے ادارے بینگ ہومن نے انڈیا میں بہت سے محروم افراد کی زندگی کو تبدیل کرنے میں بڑا کام کیا ہے۔ ‘ہمارے لیے انھیں یہ اعزاز دینا فخر کی بات ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ دنیا بھر میں نوجوان ایشیائی باشندوں کے پاس سلمان خان جیسا رول ماڈل ہے۔’

سلمان خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وہ فلم ‘ٹائیگر زندہ ہے’ کے 50 دن کے مصروف شیڈیول کے بعد یورپ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں لیکن انھوں نے ایوارڈ کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ اپنے ‘دا دبنگ’ ٹور پر برطانیہ میں ہیں جہاں سنیچر کو وہ برمنگھم میں ہوں گے جبکہ لندن کے او2 ارینا میں اتوار کو ہوں گے۔ ان کے ساتھ اداکارہ سوناکشی سنہا، جیکلن فرنانڈیز اور اداکار پربھو دیوا وغیرہ ہوں گے۔

جواب چھوڑیں