میاں کی دوڑ مسجد تک‘ پاکستان پر ہندوستان کا طنز

پاکستان پر طنز کرتے ہوئے ایک اعلیٰ ہندوستانی سفارتکار نے کہاہے کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے کا اسلام آبادکا فیصلہ جس پر عالمی ادارہ میںکئی دہے سے بات چیت ہی نہیں ہوئی‘ میاں کی دوڑ مسجد تک‘ جیسا ہے۔ کل سے شروع ہونے والے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں ہندوستان کی توجہ ترقی پسند اور دوراندیش ایجنڈہ پر مرکوز ہے۔ ہندوستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ سیداکبرالدین نے کل یہاں اخباری نمائندوں سے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نشانوں میں دوراندیش ہیں جبکہ دوسری جانب ایسے ممالک ہیں جو جیساکہ آپ نے کہا ہے ماضی کے مسائل پر توجہ دیتے ہیں جیسے رہ گئے وقتوں کے لوگ ہوں۔ پاکستان کے نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جاریہ ہفتہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔ وزیرخارجہ ہند سشما سوراج 23 ستمبر کوخطاب کریں گی۔ اکبرالدین نے مشہوراردو محاورہ میاں کی دوڑ مسجد تک کا حوالہ دیا جس کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ بعض لوگوں کی سونچ محدود ہوتی ہے اور وہ آگے کی نہیں سونچ سکتے۔ ایک دن قبل پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے کہاتھا کہ عباسی، اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔

جواب چھوڑیں