دونوں شہروں میں ایک بارپھرموسلادھار بارش

دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں آج بھی زبردست بارش ہوئی ۔ اگرچہ کہ دوپہر تک مطلع صاف تھا تاہم شام ہوتے ہی آسمان پرسیاہ گھنے بادل چھاگئے اور موسلا دھار بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ شہر کے علاقہ بنجارہ ہلز ‘جوبلی ہلز‘پنجہ گٹہ ‘ خیریت آباد‘ امیر پیٹ ‘کوکٹ پلی ‘کواڑی گوڑہ ‘ مانصاحب ٹینک ‘وجئے نگرکالونی ‘مہدی پٹنم ‘ ٹولی چوکی ‘ نامپلی ‘بازارگھاٹ ‘مشیرآباد‘حمایت نگر ‘ چکڑ پلی اور عنبرپیٹ میں زبردست بارش ہوئی۔ بارش کی وجہ سے سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا اورعوام کو آمدرفت میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اطلاع میں پیش قیاسی کی گئی کہ ریاست تلنگانہ کے تقریباً اضلاع بشمول حیدرآباد میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے تیزبارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شب 7تا8بجے زیادہ بارش سری نگرکالونی میں 64.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ میٹرچل ‘ملکاجگیری ‘اپل ‘مولاعلی ‘کاپرا‘چارمینار ‘ سرونگر ‘نارائن گوڑہ ‘ایل بی نگر ‘گڈی ملکاپور ‘آصف نگر اور پرانے شہر کے کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے دفاتر سے مکان واپس ہونے والے ملازمین اور دیگر کاروباری افراد کو مشکلات کاسامناکرناپڑا۔ پرانے شہر اورنشیبی علاقوں میں تین روزقبل کی بارش کا پانی ہنوزسڑکوںپرموجودہے۔جس کی وجہ سے مقامی افراد کوجہاں مشکلات کاسامناہے وہیں اس پانی میں مچھروں کی افزائش کا خدشہ ہے ۔کیچڑکی عدم صفائی سے وبائی امراض کے پھوٹنے کا خطرہ لاحق ہے ۔

جواب چھوڑیں