کپل شرما، سلمان خان خطرناک ترین اداکار قرار

بالی وڈ کے سلطان سلمان خان او ر مزاحیہ اداکار کپل شرما نے انٹرنیٹ پر سرچ کئے جانے والے سب سے خطرناک اداکاروں کی فہرست میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔موجودہ دور میں فنکاروں اور ان کے چاہنے والوں کے درمیان انٹرنیٹ کی وجہ سے دوریاں سمٹ کر صرف ایک کلک تک محدود ہوگئی ہیں۔ اب مداح اپنے پسندیدہ اداکاروں کے بارے میں انٹرنیٹ کے ذریعے ہر وقت کسی بھی طرح کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں تاہم ان اداکاروں کے بارے میں کلک کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ انٹرنیٹ پر موجود معلومات میں خطرناک وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جو کمپیوٹر کو خراب کرسکتا ہے ۔ ہندوستان کی سائبر سیکیورٹی فرم کی جانب سے حال ہی میں کئے جانے والے ایک سروے نے کپل شرما اور سلمان خان کو آن لائن سرچ کئے جانے والے اداکاروں میں سب سے زیادہ خطرناک اداکار قرار دے دیا۔ سروے کے مطابق ان اداکاروں کو سرچ کئے جانے کی صورت میں کمپیوٹر میں خطرناک ترین وائرس ”میلویر“کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے کمپیوٹر خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ فرم کے رکن ویکانت کرشنا پور کا کہنا ہے کہ حیرت انگیز طور پر سروے میں کپل شرما نے خطرناک ترین شخصیات کی فہرست میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرکے سب کو حیران کردیا جبکہ سلمان خان دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔تیسرے نمبر پر عامر خان، چوتھے نمبر پر پرینکا چوپڑا، پانچویں نمبر پر انوشکا شرما، چھٹے پر سنی لیون،ساتویں پر کنگنا رناوت، آٹھویں پر رنویر سنگھ ، نویں پر شاہد کپور اوردسویں نمبر پر ٹائیگر شروف براجمان ہیں۔

جواب چھوڑیں