آروشی قتل کیس ‘تلوار جوڑے کی رہائی میں تاخیر

ڈاکٹر نُپور اور راجیش تلوار کے خاندان کو جمعرات کے دن جو ابتدائی خوشی ہوئی تھی وہ جلد سرد پڑگئی کیونکہ غازی آباد کی داسنا جیل کے حکام کو جمعہ کی سہ پہر تک بھی ریلیز آرڈر نہیں ملا جس کا بے صبری سے انتظار تھا۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کے دن ڈاکٹرنپور تلوار اور ڈاکٹر راجیش تلوار کو آروشی۔ ہیم راج دُہرے قتل کیس میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ انسپکٹر جنرل پولیس(جیل)ڈی کے مشرا نے کہا کہ عدالت کے احکام ہمیں ملنے کے بعد ہی ہم کارروائی شروع کرسکتے ہیں۔ احکام ِ رہائی میں تاخیر کے باعث جو غالباً عدالت کا کوئی ملازم لے آئے گا‘ امکان ہے کہ تلوار جوڑے کو کم ازکم پیر تک جیل میں ہی رہنا پڑے گا۔ ہائی کورٹ نے تلوار جوڑے کو شبہ کا فائدہ دیتے ہوئے 2008 کے سنسنی خیز دُہرے قتل کیس پر پردہ گرادیا تھا۔

جواب چھوڑیں