دہلی۔ ممبئی روٹ پر نئی راجدھانی ٹرین ‘ دیوالی کا تحفہ

دہلی ۔ ممبئی روٹ پر مسافرین کو ایک نئی سستی اور تیز رفتار راجدھانی ٹرین ریلویز کی جانب سے تحفہ کی شکل میں ملے گی۔ 16 اکتوبر کو دہلی کے حضر ت نظام الدین اسٹیشن تا ممبئی کے باندرہ ٹرمنس اس خصوصی ٹرین کا آغاز عمل میں آئے گا جو نہ صرف سفر کا وقت 2 گھنٹے گھٹادے گی بلکہ مسافرین کو اس روٹ کی دیگر 2 راجدھانی ٹرینوں کے مقابلہ 600 تا 800 روپے کم دینے ہوں گے۔ اسپیشل راجدھانی ابتدا میں 3 ماہ کے لئے چلے گی۔ یہ 16 اکتوبر تا 16 جنوری ہفتہ میں 3 دن چلے گی۔ اس ٹرین کو متعارف کرانے کا مقصد موجودہ انفرااسٹرکچر اور رولنگ اسٹاک کے ساتھ سفر ِ وقت 2 گھنٹے گھٹانا ہے۔ جانچ کامیاب رہی۔ رکن ٹریفک ریلوے بورڈ محمد جمشید نے یہ بات بتائی۔ فی الحال اس روٹ پر اگست کرانتی راجدھانی اور ممبئی سنٹرل۔نئی دہلی راجدھانی چلتی ہیں۔ اگست کرانتی راجدھانی 17 گھنٹے کا وقت لیتی ہے جبکہ ممبئی سنٹرل۔ دہلی راجدھانی 16 گھنٹے سے کچھ کم وقت لیتی ہے۔ یہ دونوں ٹرینیں باندرہ پر نہیں رکتیں۔ نئی ٹرین 14 گھنٹے لے گی اور 3 مقامات پر اس کا توقف ہوگا جو کوٹہ (راجستھان) ‘ وڈودرہ اور سورت (گجرات) ہوں گے۔ جمشید نے کہا کہ یہ ٹرین‘ مسافرین کے لئے فائدہ مند ہوگی کیونکہ یہ تقریباً 6 بجے صبح منزل پر پہنچے گی۔ مسافرین کو شہر میں زیادہ وقت گذارنے کا موقع ملے گا اور وہ سب اربن ٹریفک سے بھی بچے رہیں گے جو مصروف اوقات میں زیادہ ہوتی ہے۔ یہ ٹرین دہلی سے چہارشنبہ‘ جمعہ اور ہفتہ کو روانہ ہوگی جبکہ باندرہ سے اسے منگل‘ جمعرات اور ہفتہ کو چلایا جائے گا۔ اس ٹرین پر فلیکسی فیر لاگو نہیں ہوگا۔ ٹرین کا کرایہ موجودہ راجدھانیوں کے بنیادی کرایہ سے 20 فیصد زائد ہوگا۔ 600 تا 835 روپے کی بچت ہوگی۔ ممبئی۔ دہلی راجدھانی میں اعظم ترین فلیکسی فیر سکنڈ اے سی کے لئے 4105 روپے ہوتا ہے جبکہ نئی ٹرین کا کرایہ 3270 روپے ہوگا۔ اسی طرح تھرڈ اے سی فلیکسی فیر ممبئی۔ دہلی راجدھانی میں 2925 روپے ہوتا ہے۔

جواب چھوڑیں