ملاوٹ شدہ میٹھے تیل کی تیاری کا ریاکٹ بے نقاب‘ 13 گرفتار

ساﺅتھ زون پولیس نے سنتوش نگر، بھوانی نگر، کنچن باغ اور مادنا پیٹ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں ملاوٹ شدہ غذائی اشیاءاور میٹھے تیل کی تیاری اور انہیں فروخت کرنے والی ایک 3 رکنی ٹولی کے علاوہ 5 افراد کوگرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی ساﺅتھ زون وی ستیہ نارائن نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بہادرپورہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں شیام مندر لویا‘ سریندر منڈل اور کے رام کرشنا پرساد سارو نٹراج ایگروانڈیا کمپنی گذشتہ 26 سال قبل قائم کی گئی تھی اور یہ لوگ ملیشیاءسے پام آئیل برآمد کر کے اس میں کیمکل ملاوٹ کر کے گراونڈنٹ آئیل، ریفائنڈ آئیل کے نام سے شہر اور اضلاع میں فروخت کررہے تھے۔ یہ کمپنی بہادر پورہ علاقہ میں ایک مندر کے احاطہ میں قائم کی گئی تھی جہاں ملاوٹ شدہ تیل تیار کرتے ہوئے انہیں مختلف برانڈ کے ناموں کے پیاکٹ میں پیاک کر کے شہر اور اضلاع میں فروخت کررہے تھے۔ اس نقلی تیل کے استعمال سے عوام کی صحت متاثر ہورہی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے اس کمپنی کے گودام پر دھاوا کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے مالیت کے تیل کے ڈبے اور پیاکٹس کو ضبط کرلیا۔ نقلی تیل کی چند پیاکٹس کو تجزیہ کے لئے میسورو (کرناٹک) کی فوڈ ریسرچ سنٹر کو روانہ کیا گیا جس کی رپورٹ آنے کے بعد ملاوٹ شدہ تیل کی تفصیلات سے آگاہی ہوگی۔ ڈی سی پی ستیہ نارائن نے بتایا کہ اس کمپنی کے مالکین نے اپنے کالے دھندے پر پردہ ڈالنے کے لئے ایک ٹی وی چینل بھی شروع کیا جس کا نام TNI چینل ہے ملزمین‘ پولیس کو میڈیا کے نمائندوں کو بلیک میل کرنے کی دھمکی دے رہے تھے۔ پولیس نے تینوں ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے جیل ریمانڈ کردیا۔ دوسرے واقعہ میں پولیس نے میرچوک پولیس اسٹیشن کے حدود میں علاقہ میرعالم منڈی کی ایک دکان پر دھاوا کر کے ملاوٹ شدہ تیل کے بعض پیاکٹس کو ضبط کرلیا۔ دکان کے مالک کے اقرار پر پولیس نے ریونیو عہدیداروں کے ہمراہ بی آر ایس ریفائنری لمیٹیڈ شمس آباد پر دھاوا کیا جہاں مالک اشوک شاردا ملاوٹ شدہ پام آئیل ریفائنڈ سن فلاور آئیل تیار کررہا تھا۔ پولیس نے اس کمپنی کے 210 کارٹونس کو ضبط کرلیا۔ سنتوش نگر میں پولیس نے ایک شخص محمد شریف کو گرفتار کرلیا جو ایس ایم ایس فوڈ پروڈکٹس کے نام سے ادرک لہسن تیار کررہا تھا اور اس میں کلر پاﺅڈر اور آلو کا پاﺅڈر ملارہا تھا اور یہ شہر کے مختلف کرانہ اسٹور پر فروخت کررہا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ ادرک لہسن کو ضبط کرلیا۔ کنچن باغ میں پولیس نے گولڈن آئسکریم کے کارخانہ پر دھاوا کر کے بھاری مقدار میں آئسکریم میں ملائی جانے والی نقلی اشیاءکو ضبط کرلیا۔ مالک محمد عباس کے پاس کوئی لائسنس نہیں تھا۔ پولیس نے مالک کو گرفتار کر کے ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے مادنا پیٹ کے علاقہ میں کمیکل اور دیگر اشیاءکی ملاوٹ سے شہد تیار کرنے والے اور عوام کو اصل شہد ظاہر کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دے کر فروخت کرنے والے ایک شخص عمر بن علی کو گرفتار کرلیا۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ڈی سی پی کے بابو راﺅ، اے سی پی چارمینار اشوک چکرورتی و دیگر موجود تھے۔

جواب چھوڑیں