حسین جہاں دولت اور شہرت کی خواہشمند خاتون۔پہلے شوہر سیف الدین کا الزام

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع کی اہلیہ حسین جہان نے شوہر پر متعدد لڑکیوں کے ساتھ تعلقات کے الزامات عائد کرتے ہوئے لڑکیوں کے ساتھ واٹس اپ پر ہونے والی گفتگو کے اسکرین شاٹ شیئر کئے تو ملک بھر میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔ حسین جہان کے دعووں اور انکشافات کے بعد ہر روز نت نئی کہانیاں سامنے آرہی ہیں اور اب حسین جہان کا پہلا شوہر سیف الدین میدان میں آگیاہے جس کا کہنا ہے کہ حسین جہان دولت اور شہرت حاصل کرنے کی خواہشمند خاتون ہے۔ سیف الدین نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ حسین جہان نے مجھے کیوں چھوڑ دیا۔ وہ ایک حوصلہ مند خاتون ہے لیکن اب میرا اس کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ حسین جہان اور سیف الدین کی 2002 میں شادی ہوئی تھی اور بعد ازاں کچھ وجوہات کی بناء پر دونوں میں طلاق ہوگئی۔ حسین جہان تعلیم میں بہت اچھی تھی اور سیف الدین انہیں تب سے پسند کرتا تھا جب دونوں دسویں جماعت میں پڑھتے تھے۔ دونوں کی 2 بیٹیاں ہیں۔ بڑی بیٹی دسویں کلاس میں پڑھتی ہے جبکہ دوسری چھٹی کلاس کی طالبہ ہے اور دونوں ہی وقتاً فوقتاً اپنی ماں سے ملتی رہتی ہیں۔ سیف الدین ’’ بابو اسٹور‘‘ کے نام سے اسٹیشنری کی دکان چلاتا ہے۔سیف الدین کی جانب سے ماضی کی بعض باتوں کو منظرعام پر لانے سے فاسٹ بولر محمد سمیع کو اس معاملہ میں کچھ راحت ملنے کا امکان پیدا ہوگیاہے۔

جواب چھوڑیں