ٹاملناڈو کے جنگل میں آگ ، 9 ٹریکرس ہلاک ، 17 زخمی

9ٹریکرس ہلاک اور 17 دوسرے جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں ، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ بات ضلع کلکٹر پالوی بلدیو نے یہاں اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو کے ضلع تھینی کے مغربی گھاٹس کے جنگلاتی علاقہ میں لگی آگ کی وجہ سے ان افراد کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کورنگانی میں کلو کملاج ہلز میں گھنے جنگلات میں آگ لگ گئی ، جس کی وجہ سے یہاں پھنسے ہوئے 9 ٹریکرس کی موت واقع ہوگئی ہے۔ کلکٹر نے مزید بتایا کہ یہ انتہائی مہیب آگ ہے ، جس کی وجہ سے یہ واردات پیش آئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 9 مہلوکین میں سے 6 کا تعلق چینائی سے ، جب کہ دوسرے تین افراد ضلع ایروڈ کے متوطن ہیں۔ انڈین ایرفورس (آئی اے ایف) کے کمانڈوز جو کہ بچاؤ اور راحت رسانی کے اقدامات میں سرگرم ہیں ، جنگل کے علاقہ سے نعشیں منتقل کررہے ہیں۔ کلکٹر نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے ہیلی کاپٹرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ نعشوں اور زخمیوں کو سرکاری میڈیکل کالج ہاسپٹل تھینی منتقل کیا گیا ہے ۔ کلکٹر نے بتایا کہ 9 افراد جو کہ آگ سے بچنے کی کوشش کررہے تھے ، اس کوشش میں وہ ایک گھرے گڑھے میں گر گئے ، جس کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔ ضلع کلکٹر پلوی بلدیو نے کہا کہ بچاؤ ٹیموں نے 27 افراد کو بچا لیا ہے ، جن میں نابالغ لڑکیاں اور خواتین شامل ہیں۔ جن افراد کو بچا لیا گیا ہے ان میں 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں ، جنہیں سرکاری دوا خانہ مدورائی میں شریک کردیا گیا ہے ، جہاں پر بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ راحت رسانی اور امدادی کاموں کے لیے ایک عارضی ہیلی پیاڈ بھی قائم کیا گیا ہے ، جو کہ تھینی گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں کام کررہا ہے۔ انڈین ایر فورس کے کمانڈوز کی جانب سے زخمی افراد کو یہاں منتقل کیا جارہا ہے۔چیف منسٹر کے پلانی سوامی فوراً تھینی پہنچے ، تاکہ غمزدہ ارکانِ خاندان سے اظہارِ تعزیت کرسکیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر اوپنیر سلوم اور وزراء تھینی میں کیمپ کیے ہوئے ہیں ، تاکہ بچاؤ اور راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کرسکیں۔ اسی دوران بتایا گیا ہے کہ 36 رکنی ٹیم ، 26 خواتین ، 3 بچوں اور 8 مردوں پر مشتمل تھی ، جمعہ کی رات کو غیرقانونی طور پر ٹریکنگ شروع کی اور جنگل کے کیرالا حصہ پر پہنچ گئی ، جس کے بعد وہاں سے مزید ٹریکنگ کرتے ہوئے کلو کمالی ہلز جانے کی کوشش کی ، جو کہ ٹاملناڈو کی سرحد پر واقع ہے۔

جواب چھوڑیں