کشمیر میں انکاؤنٹر‘ 3 عسکریت پسند ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر کے دن سیکوریٹی فورسس کے ساتھ زبردست انکاؤنٹر میں 3 عسکریت پسند مارے گئے جن میں ایک غیرملکی شامل ہے۔ پولیس ترجمان نے یہ بات بتائی۔ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی جانکاری ملنے پر راشٹریہ رائفلز(آر آر) ‘ جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے موضع ہاکورہ میں تلاشی مہم شروع کی تھی۔ موضع میں فورسس جب ایک مخصوص علاقہ کی سمت بڑھنے لگیں تو عسکریت پسندوں نے خودکار اسلحہ سے اندھادھند فائرنگ کردی۔ سیکوریٹی فورسس کی جوابی کارروائی میں 3 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ مہلوک عسکریت پسندوں کے قبضہ سے اسلحہ و گولہ بارود کی بھاری مقدار بشمول اے کے رائفلس‘ پستول اور ہتھ گولے (ہینڈ گرینیڈس) برآمد ہوئے۔ 2 عسکریت پسندوں کی شناخت عیسیٰ فاضل (ساکن سری نگر) اور سید اویس (ساکن کوکرناگ‘ اننت ناگ) کی حیثیت سے ہوئی۔

جواب چھوڑیں