یوکی بھامبری‘ تیسرے رائونڈ میں داخل

ہندوستان کے نوجوان کھلاڑی یوکی بھامبری انڈین ویلس ماسٹرس کے تیسرے رائونڈ میں داخل ہوگئے۔ بھامبری نے عالمی نمبر 12 فرانس کے لوکاس پوئیلی کو راست سیٹوں میں 6-4, 6-4 سے شکست دیکر کیریر کی بڑی جیت درج کی۔ ایک گھنٹہ 19 منٹ تک چلنے والے مقابلہ میں ہندوستانی کھلاڑی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو مقابلہ میں واپسی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ واضح رہے کہ یوکی بھامبری قبل ازیں 2014 میں عالمی نمبر 16 فیبیو فاگنینی کو بھی شکست دے چکے ہیں۔ اسی دوران عالمی نمبر ایک سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر انڈین ویلس میں مینس سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں داخل ہوگئے جبکہ سربیا کے سابق عالمی نمبر ایک نوواک جاکوویچ شکست کے سبب ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ فیڈرر نے فیڈریکو ڈیلبونیس کے خلاف بارش سے متاثرہ مقابلہ میں 6-3, 7-6(8/6) سے جیت حاصل کی۔ واضح رہے کہ یہ مقابلہ کل رات کھیلا گیاتھا تاہم بارش کے باعث اسے آج تک کیلئے ملتوی کردیا گیاتھا جس میں فیڈرر نے شاندار جیت حاصل کی۔ فیڈرر کا آئندہ مقابلہ 25 ویں سیڈ فلپ کراجینوویک سے تیسرے رائونڈ میں ہوگا۔ دریں اثناء مینس سنگلز کے ایک اور مقابلہ میں سربیا کے نوواک جاکوویچ کو الٹ پھیر کے ذریعہ شکست اٹھانی پڑی۔ جاپان کے کوالیفائر کھلاڑی تارو ڈینیل نے 5 مرتبہ کے چمپئن نوواک جاکوویچ کو سخت جدوجہد کے بعد 7-6(7/3), 4-6, 6-1 سے ہراکر تیسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ عالمی رینکنگ میں 109 واں مقام رکھنے والے جاپان کے تارو ڈینیل کا آئندہ مقابلہ فرانس کے گیل مونفلس سے ہوگا ۔ جاکوویچ کا دوسرے رائونڈ میں مظاہرہ ناقص رہا جس سے انہیں آسان شکست ہوئی۔

جواب چھوڑیں