قطری حکومت اورعوام کی مدد جاری رکھنے ایران کااعلان

ایران نے خلیجی ریاست قطر کی ہرممکن حمایت اور مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے ماتحت نیول فورس کے وائس ایڈمرل بریگیڈیئر علی رضا تنکسیری نے کہا ہے کہ قطر ان کا حلیف ہے اور وہ قطری حکومت اور قوم کی ہرممکن مدد اور حمایت جاری رکھیں گے۔خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق ایرانی عہدیدار نے ان خیالات کا اظہار دوحہ کے دورے کے دوران ’ڈیمڈکس 2018‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک نمائش سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات قطر کے ساتھ تعاون کے متقاضی ہیں اور ہم دونوں ملکوں کیدرمیان تعلقات اور تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔بریگیڈیئر تنکسیری کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں ہونے والی دفاعی نمائشوں میں ایران میں تیار کیے جانے والے دفاعی آلات کو پیش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے اپنی تقریر میں قطر کے بعض دوسرے خلیجی ممالک کے ساتھ پائے جانے والی کشیدگی پر بھی بات کی اور کہا کہ قطر نے پڑوسی ملکوں کی طرف سے اقتصادی اور سفارتی بائیکاٹ کے باوجود تمام شعبوں میں کامیابی کے ساتھ سفرجاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر اور ایران کے درمیان ساحلی دفاع کے میدان میں دو طرفہ تعاون، کوسٹ گارڈ، فوجی مشقوں میں شرکت جاری رکھیں گے۔ ایران پڑوسی ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے مساعی جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ خلیج ممالک ہمارا گھر ہیں اور ان کا امن ہمارے ہاتھ میں ہے۔خیال رہے کہ ایرانی وفد نے ’ڈیمڈکس 2018 ‘ دفاعی نمائش کا بھی دورہ کیا اور قطر کی جانب سے تیار کردہ دفاعی آلات کا معائنہ کیا۔ قطر کی جانب سے ہر دو سال کے بعد اس نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں