پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2018 کے فائنل کے ٹکٹس کی فروخت آج سے شروع ہوگئی۔ ترجمان کورئیر کمپنی کے مطابق پی ایس ایل 2018 کے فائنل کے ٹکٹس کی آن لائن بکنگ کا آغاز آج رات 12 بجے سے ہوا۔ کل صبح 9 بجے سے ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے منتخب برانچس سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ سب سے سستا ٹکٹ ایک ہزار روپے اور سب سے مہنگا 12 ہزار کاہے جبکہ چار اور 8 ہزار روپے والے ٹکٹ بھی فروخت کئے جائیں گے۔ ترجمان کورئیر کمپنی کے مطابق پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر ٹکٹس دستیاب ہوں گے جبکہ ایک قومی شناختی کارڈ پر 5 ٹکٹس حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ترجمان کورئیر کمپنی کا کہنا ہے کہ مجموعی طورپر 26500 ٹکٹس فروخت کرنے کیلئے دیئے گئے ہیں۔ 30 فیصد ٹکٹس آن لائن جبکہ 70 فیصد ٹکٹس مقررہ 25 شاخوں پردستیاب ہوں گے۔ پاکستان سوپر لیگ کا فائنل 25 مارچ اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے 2 جنرل انکلوژرز کو وی آئی پی میں تبدیل کردیا ہے۔ اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت پہلے ایک ہزار روپے مقرر کی گئی تھی لیکن اب دونوں جنرل انکلوژرز کو وی آئی پی کا درجہ دے کر ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ فائنل کے ٹکٹوں کی نئی فہرست میں اب وی آئی پی انکلوژرز کی تعداد 5 ہوگئی ہے جبکہ جنرل انکلوژرز صرف تین ہی رہ گئے ہیں۔ اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز میں تقریباً 6 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

جواب چھوڑیں