میرا بائی چانو نے ہندوستان کو پہلا گولڈ میڈل دلایا

ہندوستانی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے اسٹار ویٹ لفٹر میرا بائی چانو نے 21 یں کامن ویلتھ گیمس کے پہلے دن جمعرات کو خواتین کے 48 کیلوگرام زمرے میں ریکارڈ 196 کیلوگرام وزن اٹھاکر ہندوستان کی جھولی میں کھیلوں کا پہلا گولڈ میڈل ڈال دیا۔ گیمس کے آغاز سے قبل ماہرین کو میرابائی سے گولڈ میڈل کی کافی توقع تھی جسے انہوں نے دباؤ کے باوجود سچ کر کھایا۔ ہندوستانی کھلاڑی نے کامن ویلتھ ریکارڈ اور کامن ویلتھ کھیل ریکارڈ بناتے ہوئے جملہ 196 کیلوگرام وزن اٹھایا اور ملک کو گولڈ کوسٹ میں پہلا گولڈ میڈل دلادیا۔ اسی دوران ہندوستان کی ویمنس ٹیبل ٹینس ٹیم نے کامن ویلتھ گیمس کے افتتاحی دن ٹیم ٹیبل ٹینس مقابلوں میں سری لنکن ٹیم کو 5-0 سے شکست دے دی۔ پہلے مقابلہ میں منیکا بترا نے ایرنڈی واروساوتھنا کے خلاف 11-3, 11-5, 11-3 سے جیت حاصل کی۔ ایک اور مقابلہ میں ستھیرانا مکھرجی نے اشارا منیکو باڈو کے خلاف 11-5, 11-6, 11-4 سے جیت حاصل کرتے ہوئے سبقت کو 2-0 کردیا۔ ڈبلس مقابلہ میں پوجا اور سوتیرتھا کی جوڑی نے باڈو اور ہنسانی کی جوڑی کے خلاف جیت حاصل کرتے ہوئے سبقت کو 3-0 کر دیا۔ اس کے علاوہ زبردست خوداعتمادی اور بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے والی ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کو کامن ویلتھ کھیلوں کے پہلے ہی دن جمعرات کو اپنے پول اے کے افتتاحی مقابلے میں ویلس کے خلاف 3-2 سے شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ پول اے میں اسٹرائکر رانی کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم کا پہلا مقابلہ ویلس کے ساتھ تھا۔ میچ کے پہلے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم کو کافی جدوجہد کرنی پڑی جبکہ ویلس کا مظاہرہ زبردست تھا۔ ساتویں ہی منٹ میں ویلس کیلئے لیسا نے کھیلوں کا پہلا گول داغ کر ٹیم کو برتری دلادی ۔ ہندوستان اس کے بعد برابری کے گول کیلئے موقع ڈھونڈتا رہا لیکن اسے کوئی خاص کامیابی نہیں ملی۔ میچ کا آخری کوارٹر دونوں ٹیموں کیلئے اہم ہوگیا جہاں ہندوستان سے 16 درجہ کم 26 ویں رینک ویلس نے فتح کے گول کیلئے کوششیں تیز کئے تو ہندوستان نے بھی موقع بنائے۔ کپتان رانی کے پاس سے مونیکا کو 48 ویں منٹ میں گول کا اچھا موقع ملا لیکن گیند پوسٹ کے پاس سے نکل گئی۔ وہیں 49 ویں منٹ میں ڈریگ فلکر گرجیت کور کا پنالٹی کارنر بھی رائیگاں چلاگیا۔٭٭٭ پی گروراجا نے 21 ویں کامن ویلتھ کھیلوں کے پہلے دن مردوں کے 56 کیلوگرام زمرے میں سلور میڈل جیتا جس کی مدد سے ہندوستان نے اپنا کھاتہ کھول دیا۔ 25 سالہ گرو راجا نے کھیل کے پہلے ہی دن اپنے 56 کیلوگرام زمرے میں جملہ 249 کیلوگرام وزن اٹھاکر فائنل میں دوسرا مقام حاصل کیا اور سلور میڈل پر قبضہ جمالیا۔ یہ ہندوستانی کھلاڑیوں کا انفرادی طورپر سب سے شاندار مظاہرہ بھی ہے۔ وہیں کلین اینڈ جرک میں گروراجا نے 138 کیلوگرام وزن اٹھایا۔ حالانکہ اس سے پہلے ان کی 2 کوششیں ناکام بھی ہوئیں لیکن اپنی آخری کوشش میں انہوں نے دوسرا مقام حاصل کرلیا۔ ملائشیائی کھلاڑی محمد اظہار نے اپنے ہم وطن ہمی جان امرو الابراہیم کے اسنیچ میں سال 2010 کھیلوں میں بنائے گئے 116 کیلوگرام کے اسنیچ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے 117 کیلوگرام وزن اٹھایا۔٭٭٭شٹل بیاڈ منٹن زمرہ میں ہندوستان کا دبدبہ برقرار ہے۔ سائنا نہوال نے پاکستان کی مہور شہزاد کو ویمنس سنگلز کے پہلے سیٹ میں 21-7اور دوسرے میں 21-11پر شکست دے دی جبکہ مینس زمرہ میںسریکانت نے پاکستان کے مراد علی کو پہلے سیٹ میں 21-16اور دوسرے میں سخت مقابلہ کے بعد 22-20پر شکست دے دی۔ اس طرح مینس زمرہ میں 2-0کی برتری حاصل ہوگئی۔

جواب چھوڑیں