آسٹریلیا میں مہاتما گاندھی کی زندگی سے متعلق نمائش کا آغاز

 مہاتما گاندھی کی زندگی اور ان کے عدم تشدد کے پیام سے واقف کروانے کیلئے ایک ڈیجیٹل انٹریکٹیو ایگزیبیشن کا آسٹریلیا میں افتتاح عمل میں آیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مذکورہ نمائش کے اہتمام کا مقصد مہاتما گاندھی کے عدم تشدد‘ ستیہ گرہ اور ان کی تعلیمات سے واقف کروانا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے جنوبی آفریقہ کے دورہ سے متعلق امور کے تعلق سے بھی واقف کروانے کیلئے اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نمائش جس کا عنوان مہاتما گاندھی ایک ایمیگرینٹ ہے توقع ہے کہ یہ عوام کو راغب کرنے میں کامیاب رہے گی۔ ہندوستانیوں کے علاوہ آسٹریلیا کے افراد بھی اس نمائش کو دیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کریں گے۔ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی کے رول اور ان کی خدمات کو پیش کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے اسکرینس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اس نمائش میں ایک ہزار سے زائد تصاویر رکھی جائیں گی۔ مہاتما گاندھی کی تقاریر کی ریکارڈنگ سنائی جائے گی تاکہ عوام ان کی آواز سن سکے۔ اس مقصد کیلئے مہاتما گاندھی ڈیجیٹل میوزیم حیدرآباد سے مختلف اشیاء حاصل کی گئی ہیں۔ نمائش کا آغاز کرتے ہوئے جنرل مینیجر ایمیگریشن میوزیم روہنی کپاڈتھ نے بتایا کہ اس نمائش کے اہتمام کا مقصد عوام کو عدم تشدد کے پیام سے واقف کروانا بھی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ یہ نمائش حکومت آسٹریلیاء اور ہندوستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کی جارہی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ براڈ راجہ رام ویجنگ جو کہ مہاتما گاندھی ڈیجیٹل میوزیم کے کیوریٹر ہیں کہا کہ یہ نمائش 15جولائی تک جاری رہے گی۔

جواب چھوڑیں