ریاست سے20خادم الحجاج کا انتخاب: پروفیسر ایس اے شکور

صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور چیف اگزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے ہاتھوں قرعہ اندازی کے ذریعہ آج خادم الحجاج کا انتخاب عمل میں لایا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج2018 کے لئے ریاست تلنگانہ سے17130 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ جبکہ ریاست کے لئے4066کا کوٹہ مقرر کیا گیا ۔ حج کمیٹی کی جانب سے ہر200 عازمین کی خدمت و رہنمائی کیلئے ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا جاتا ہے ۔ اس طرح ریاست سے جملہ20 خادم الحجاج، ایام حج کے دوران سعودی عرب روانہ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کے طور پر سعودی عرب جانے کیلئے جملہ291 ‘ درخواستیں موصول ہوئی تھیں،59 درخواست گذار ہارڈ کاپی داخل کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے ان کے ناموں کو قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا گیا ۔ منتخب 20خادم الحجاج میں ،2کا تعلق حج کمیٹی اور ایک کا تعلق وقف بورڈ سے رہیگا۔ جملہ17 افراد کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ منتخب خادم الحجاج میں وسیم اللہ خان محکمہ تعلیمات ضلع جگتیال، مختار علی محکمہ تعلیمات ضلع عادل آباد‘ ڈاکٹر چاند پاشاہ نظام کالج حیدرآباد، مجاہد محی الدین اسکول ایجوکیشن حیدرآباد‘ بابا قادر ولی محکمہ وجیلنس اینڈ انفورسمنٹ حیدرآباد ‘ محمد اکبر علی محکمہ پولیس حیدرآباد ، حامد حسین، محکمہ جی اے ڈی حیدرآباد، صابر محکمہ آبکاری حیدرآباد ، یٰسین علی جی ایچ ایم سی ، امتیاز احمد محکمہ تعلیمات ضلع نرمل ، حبیب الدین محکمہ تعلیمات ضلع جگتیال، اشفاق احمد محکمہ ڈی ایم ایچ او ضلع نلگنڈہ، یوسف محکمہ تعلیمات نظام آباد، خالق احمد خاں محکمہ صحت ضلع کریم نگر، یٰسین شریف محکمہ تعلیمات ضلع جنگاؤں، محمدعبیدالرحمن محکمہ تعلیمات حیدرآباد اور سعادت علی اسکول ایجوکیشن حیدرآباد شامل ہیں ۔ ان کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کے تحت چار افراد کا انتخاب عمل میں لایا گیا جن میں محمد عبدالعلیم محکمہ تعلیمات حیدرآباد‘ عبدالنعیم محکمہ تعلیمات نظام آباد، واجد قمر محکمہ محابس ضلع سنگاریڈی اور ذاکر محکمہ داخلہ حیدرآباد شامل ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اس سال سے حکومت سعودی عرب کی جانب سے نیا قانون لایا گیا جس کی رو سے گذشتہ تین برسوں کے دوران حج یا عمرہ کرچکے افراد کو ویز ا کیلئے مزید2000ریال ادا کرنے ہوں گے ۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان نے تمام منتخبہ خادم الحجاج کو مبارکباد دیتے ہوئے عازمین کی بہترین خدمت کرنے کا مشورہ دیا۔صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ و رکن حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کیلئے منتخب ہونا اعزاز ہے اور اس اعزاز کو ایمانداری کے ساتھ انجام دینا ضروری ہے ۔ انہوںنے مشورہ دیا کہ خادم الحجاج، مکمل صحت مند ہونے کی صورت میں ہی سعودی عرب جائیں ۔ چونکہ اس ذمہ داری کو شب و روز انجام دینا ہوتا ہے ۔ اس لئے وہ، امور حج کے متعلق مکمل واقفیت حاصل کریں اور عازمین کی رہبری کریں ۔ انہوںنے انتباہ دیا کہ فرائض سے لاپرواہی برتنے والے خادم الحجاج کے خلاف سخت تادیبی کاروئی کرتے ہوئے انہیں بلیک لسٹ کردیا جائے گا اور واپس وطن ان سے سفری اخراجات وصول کئے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں