سیاستدانوں کو ساکھ کا بحران درپیش: راج ناتھ سنگھ

 وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ملک میں سیاستدانوں کے لئے ’’ساکھ کا بحران ‘‘ ہے اور یہ اس تاثر کی وجہ سے ہے کہ ان کے قول اور فعل میں بڑا تضاد ہوتا ہے۔ بزنس چیمبر فِکّی کے زیراہتمام نوجوان خاتون صنعتکاروں کو ایوارڈس عطا کرنے کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ عام رائے ہے کہ سیاستداں‘ جھوٹ بولے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میرا میدان سیاست ہے۔ میں جانتا ہوں کہ سیاستدانوں کے لئے ساکھ کا بحران ہے ۔ عام تاثر ہے کہ سیاستدانوں کے قول اور فعل میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ لوک سبھا میں حلقہ لکھنو کی نمائندگی کرتے ہیں اور انتخابی مہم کے دوران انہوں نے کبھی کوئی وعدہ نہیں کیا۔ انہوں نے رائے دہندوں کو صرف یہ تیقن دیا کہ وہ ان کے لئے ضروری کام کرانے کی کوشش کریں گے۔ مختلف شعبوں میں عورتوں کی کامیابی کے حوالہ سے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عورتیں زندگی کے سبھی شعبوں میں کامیاب ہورہی ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔

جواب چھوڑیں