بحری راستہ دہشت گرد حملہ کا خطرہ‘ گوا میں الرٹ

 گوا نے آج ریاست کے ساحل پر جوے خانوں اور جہازوں کو الرٹ جاری کیا کہ انٹلیجنس جانکاری ملی ہے کہ دہشت گرد‘ مچھلی کے شکار کے لئے استعمال کی جانے والی کشتی کے ذریعہ گوا پہنچ سکتے ہیں۔ ریاست کے وزیر اسپورٹس جیش سلگاؤنکر نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ محکمہ نے ساحل سمندر پر تمام جوے خانوں اور واٹر اسپورٹس آپریٹرس کو وارننگ دی ہے کہ وہ چوکنا رہیں۔ انڈین کوسٹ گارڈ نے انٹلیجنس جانکاری دی ہے کہ مغربی ساحل پر دہشت گرد حملہ ہوسکتا ہے۔ الرٹ گوا کے لئے مخصوص نہیں ہے۔ یہ ممبئی یا ساحل گجرات کے لئے بھی ہوسکتا ہے لیکن ہم نے جہازوں اور متعلقہ ایجنسیوں کو الرٹ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مچھلی کے شکار کے لئے استعمال ہونے والی ایک ہندوستانی کشتی کو جسے پاکستان نے ضبط کیا تھا‘ چھوڑدیا گیا ہے اور انٹلیجنس جانکاری ہے کہ یہ کشتی کئی دہشت گردوں کو لے کر واپس آرہی ہے۔ ریاستی محکمہ اسپورٹس نے ساحل پر واقع تمام جوے خانوں ‘ کروزجہازوں اور کشتیوں کو لکھا ہے کہ وہ چوکس رہیں۔ سلگاؤنکر نے کہا کہ ضلع کوسٹ گارڈ سے انٹلیجنس جانکاری ملی ہے کہ غیرسماجی عناصر اُس ہندوستانی فشنگ ٹرالر میں کراچی سے سوار ہوئے ہیں جسے پاکستان نے پکڑا تھا ۔امکان ہے کہ یہ کشتی ہندوستانی ساحل پر لنگرانداز ہوگی اور اہم تنصیبات پر حملہ کیا جائے گا۔ پورٹ کپتان جیمس برگنزا سے جب ربط پیدا کیا گیا تو انہوں نے توثیق کی کہ تمام ارباب مجاز کو اس تعلق سے لکھا گیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ تمام جہاز اپنی سیکوریٹی بڑھائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ وہ مشتبہ نقل و حرکت پر بھی نظر رکھیں۔ گوا‘ ساحلی ریاست ہے اور مشہور تفریحی مقام بھی جہاں بیرونی سیاحوں کی بھی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔

جواب چھوڑیں