سلمان خان ‘ضمانت پر رہا

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو آج 1998 کے سیاہ ہرن (چنکارا) شکار کیس میں ضلع و سیشن عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کردیا گیا۔ اس کیس میں انہیں 5 سال کی جیل ہوئی ہے۔ رہائی کے فوری بعد 52 سالہ سلمان خان کو پولیس کی نگرانی میں سیدھے جودھپور ایرپورٹ پہنچادیا گیا۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ضمانت کے کاغذات ملنے کے بعد جیل حکام نے سلمان خان کو رہا کردیا۔ قبل ازیں ضلع و سیشن جج رویندر کمار جوشی نے سلمان خان کی درخواست ضمانت اور سزا پر تعمیل ایک ماہ تک معطل رکھنے کی درخواست سماعت کے لئے قبول کی تھی ۔ اداکار نے کہاتھا کہ وہ اپیل کرنا چاہتا ہے۔ سلمان خان نے جمعرات کے دن سزا سنائے جانے کے بعد جودھپور سنٹرل جیل میں 2 راتیں کاٹیں۔ اداکار کی رہائی 50ہزار روپے کے ضمانتی بانڈ اور اتنی ہی رقم کی 2 شوریٹیز پر عمل میں آئی ہے۔ وکیل صفائی مہیش بورا نے یہ بات بتائی۔ جج نے سرکاری وکیل اور وکیل صفائی کی دلیلوں کی سماعت لگ بھگ ایک گھنٹہ  کی اور سہ پہر 3 بجے کے قریب فیصلہ سنایا۔ سلمان خان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا دوران ِ سماعت عدالت میں موجود تھیں۔ کل رات دیر گئے جج جوشی کو ردوبدل کے ایک حصہ کے طورپر سروہی تبادلہ کرنے کے احکام جاری ہوئے۔ وہ اُن 134 ججس میں شامل ہیں جن کا تبادلہ رجسٹرار جنرل راجستھان ہائی کورٹ نے کیا۔ سلمان خان اور دیگر فلمی ستاروں نے یکم اکتوبر 1998 کی رات جودھپور کے قریب موضع کنکنی میں سیاہ ہرن کا شکار کیا تھا۔ یہ لوگ فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے لئے راجستھان آئے ہوئے تھے۔ تحت کی عدالت نے سلمان کے ساتھیوں سیف علی خان‘ تبو‘ نیلم اور سونالی بیندرے کے علاوہ ایک مقامی شخص دشینت سنگھ کو شبہ کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا تھا۔ سلمان خان کو ضمانت ملنے پر ان کے دوستوں اور بہی خواہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ڈائرکٹر ریمو ڈیسوزا نے جن کی فلم ’’ریس 3‘‘ میں سلمان خان نے کام کیا ہے‘ پی ٹی آئی سے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سلمان کو ضمانت مل چکی ہے ۔میں نہ صرف اداکار بلکہ ایک اچھے انسان کی حیثیت سے سلمان کا بڑا مداح ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریس 3 کی لگ بھگ 90 فیصد شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور مابقی شوٹنگ زیادہ تر ہندوستان میں ہوگی۔ گلوکار عدنان سمیع نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ یو این آئی کے بموجب ہندی فلم اداکار سلمان خان ہفتہ کے دن جودھپور سنٹرل جیل سے رہا ہوگئے۔ جودھپور کی سیشن عدالت نے انہیں ضمانت منظور کی۔ 2 دن قبل جودھپور رورل کورٹ نے انہیں 2 سیاہ ہرنوں کے شکار پر 5 سال کی سزا سنائی تھی۔ جج رویندر کمار جوشی نے اداکار کو ضمانت منظور کی۔ عدالت نے سزا پر تعمیل بھی معطل کردی جو سلمان کے اپیل کرنے تک معطل رہے گی تاہم جج نے ایک شرط یہ عائد کی کہ اداکار‘ عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر بیرون ِ ملک نہیں جائے گا۔ اداکار سے کہا گیا کہ وہ 7مئی کو حاضرعدالت ہو تاکہ اس کی اپیل کا فیصلہ ہوسکے۔ 52 سالہ اداکار کو جمعرات کے دن سزا سنائی گئی تھی۔ 5 سال جیل کے علاوہ اداکار پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد ہوا۔ عدالت نے شریک ملزمین سیف علی خان‘ تبو‘ نیلم اور سونالی بیندرے کو بری کردیا تھا۔ ایک مقامی شخص دشینت سنگھ بھی بری ہوا تھا۔ سرکاری وکیل پوکر رام نے پوسٹ مارٹم رپورٹ داخل کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سیاہ ہرنوں پر بندوق کی گولیوں سے زخم پائے گئے تھے تاہم وکیل صفائی مہیش بورا نے عدالت سے کہا کہ پوسٹ مارٹم مردہ جانوروں کی صرف ہڈیوں کا ہوا ہے۔ کھال چھوڑدی گئی جو ضروری تھی۔ مہیش بورا نے عدالت سے یہ بھی کہا کہ ضمانت دی جائے تو اداکار اپنی آزادی کا بے جا استعمال نہیں کرے گا۔ گذشتہ 19 برس میں اس نے ضمانت کی شرائط کی کبھی بھی خلاف ورزی نہیں کی لیکن سرکاری وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کے خلاف سپریم کورٹ میں دیگر معاملات زیرالتوا ہیں۔ ہندوؤں کی بشنوئی برادری نے جو سیاہ ہرن کو پوجتی ہے ‘ 20 سال تک کیس لڑا۔ اس نے اداکار کو ضمانت ملنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ بشنوئی برادری کے وکیل مہیپال بشنوئی نے کہا کہ وہ اداکار کو ضمانت کے خلاف راجستھان ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے۔ سیاہ ہرن یا چنکارا‘ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے شیڈول 1 کے تحت وہ جانور ہے جس کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ آئی اے این ایس کے بموجب سلمان خان تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعہ ممبئی واپس ہوگئے تاہم وہ عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے۔ عدالت کے باہر سلمان کے پرستاروں نے خوشیاں منائیں۔ ممبئی کے باندرہ میں سلمان کے گیلکسی اپارٹمنٹ کے سامنے مداحوں کی بھیڑ جمع تھی۔ بعض نے اپنے محبوب اداکار کے بڑے سائز کے پوسٹر تھامے ہوئے تھے۔ ہجوم پر قابو پانے کے لئے ممبئی پولیس نے علاقہ میں رکاوٹیں کھڑی کی تھیں۔ بالی ووڈ کی شخصیتوں جیسے میکا سنگھ‘ سونو سود اور عدنان سمیع نے ٹویٹر پوسٹ میں بھائی سلمان کو ضمانت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں