مناف پٹیل فکسنگ کی زد میں آگئے۔راجپوتانہ ٹی ٹوئنٹی لیگ کے مقابلے فکس کرنے کا الزام

مناف پٹیل کے دامن پر بھی فکسنگ کے چھینٹے پڑگئے۔ 2011 ورلڈکپ کی فاتح ہندوستانی ٹیم کے رکن فاسٹ بولر پر میچ فکسنگ سنڈیکیٹ سے روابط کا الزام لگ گیاہے۔ میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا کہ مناف منظم انداز میں کرکٹ فکسنگ ریکٹ چلانے والے ماسٹر مائنڈ سے رابطے میں تھے، جس کے تحت گذشتہ برس جئے پور میں راجپوتانہ پریمیر ٹوئنٹی 20 لیگ منعقد ہوئی تھی۔ پیسرکو اس حوالے سے راجستھان پولیس کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ ( سی آئی ڈی ) اور اینٹی کرپشن ایجنسی نے شامل تفتیش کرلیاہے۔ 34 سالہ پیسر راجپوتانہ پریمیر لیگ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ ایونٹ پر بی سی سی آئی اور اس کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی سوالات اٹھائے تھے۔ راجستھان پولیس نے تفتیش کے دوران لیگ کے 14 ارکان کو گذشتہ برس حراست میں لیا تھا۔ ان سے پوچھ گچھ کے نتیجے میں ملنے والی معلومات کے تانے بانے مناف تک جڑگئے۔ تینوں فارمیٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے بولر اگرچہ راجپوتانہ لیگ میں سائیڈ لائن پر رہے لیکن اس دوران کھیل میں چند مشتبہ واقعات پیش آئے اور مناف اس کے عینی شاہد تھے۔ گزشتہ برس نجی لیگ کے میچز پرائیویٹ اسپورٹس چینل پر براہ راست نشر بھی ہوئے۔ اس میں کلب کرکٹرز نے حصہ لیا تھا، اسی وقت راجستھان پولیس کی سی آئی ڈی نے اس کا نوٹس لے لیا۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ اس طرح کی لیگ سے ہفتے میں 2 سے 3 کروڑ کمائے گئے۔ اسٹیڈیم سے باہر ’اسپوٹر‘ بھی دیکھے گئے جو واکی ٹاکیز پر بکیز کو معلومات پہنچارہے تھے۔ دوسری جانب بولر نے کہاکہ میرا میچ فکسنگ سنڈیکیٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مناف نے خود پر عائد الزام کا دفاع کرتے ہوئے الٹا میڈیا سے سوال کیاکہ وہ شخص جو آئی پی ایل کھیلا اور تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرچکاہے وہ کیوں راجپوتانہ لیگ میں فکسنگ کرے گا؟ ان کی توجہ لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر دلائی گئی تو پیسر نے کہاکہ مجھے اس کے عوض معقول رقم ملی جو میرے لیے فائدہ مند بات تھی۔ انڈین پریمیر لیگ کی افتتاحی تقاریب میں شاہ رخ اور سلمان خان بھی آتے ہیں اور انہیں بھی اس کے عوض رقم دی جاتی ہے، لہذا اگر آئی پی ایل میں کچھ غلط ہوگا تو کیا آپ سلمان خان سے سوالات کریں گے ؟ ۔

جواب چھوڑیں