ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کو مزید 2 گولڈ میڈلس

ویٹ لفٹرس ستیش کمار شوالنگم اور وینکٹ راہول نے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں آج ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کو مزید 2 گولڈ میڈلس دلائے۔ اس طرح گیمس میں ہندوستان کے گولڈ میڈلس کی تعداد 4 جبکہ جملہ میڈلس کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔ ستیش کمار شوالنگم نے 77 کیلوگرام زمرے میں 317 کیلوگرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے اسنیچ میں 144 کیلوگرام اور کین اینڈ جرک میں 173 کیلوگرام وزن اٹھایا۔ فائنل میں ستیش کو انگلینڈ کے جیک اولیور سے بہت سے چیلنج بھی ملے۔ ہندوستانی کھلاڑی نے اسنیچ میں پہلی کوشش میں 136 کیلو گرام، دوسری کوشش میں 140 کیلو گرام جبکہ تیسری کوشش میں 144 کیلو گرام وزن اٹھایا لیکن اولیور نے اسنیچ میں دوسری کوشش میں ستیش سے ایک کیلوگرام یعنی 145 کلوگرام وزن اٹھالیا۔ حالانکہ ہندوستانی کھلاڑی نے کلن اینڈ جرک میں اپنا لوہا منوایا اور پہلی کوشش میں 169 اور دوسری کوشش میں 173 کیلو گرام وزن اٹھایا۔ ہندوستان کا ان کھیلوں میں یہ تیسرا گولڈ جبکہ مجموعی طورپر پانچواں میڈل ہے۔ ہندوستان کو یہ تمام 5 میڈلس ویٹ لفٹرس نے دلائے ہیں۔ ایک اور ویٹ لفٹر وینکٹ راہول نے 85 کیلوگرام زمرہ میں گولڈ میڈل جیتا۔ وینکٹ نے جملہ 338 کیلوگرام وزن اٹھایا جس میں اسنج میں 151 کیلوگرام جبکہ کلین اینڈ جرک زمرہ میں 187 کیلوگرام وزن اٹھایا۔ اس سے پہلے میرابائی چانو اور سجیتا چانو نے گولڈ میڈلس جیتے تھے۔

جواب چھوڑیں