بی جے پی ممبر اسمبلی پر آبروریزی کا الزام ، وزیر اعلی کی رہائش گاہ کے باہرمتاثرہ خاتون کی خودکشی کی کوشش

لکھنو : اترپردیش کی راجدھانی لکھنو میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ کے باہر ایک خاتون نے کنبہ کے ساتھ خودکشی کی کوشش کی ۔ متاثرہ خاتون نے اناو سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے ۔ خاتون کا کہنا ہے ممبر اسمبلی اور اس کے ساتھیوں نے اس کی آبروریزی کی ہے۔ تاہم خاتون کو خودکشی کرنے سے کسی طرح بچالیا گیا۔وزیر اعلی یوگی کی رہائش گاہ کے باہر ایک خاتون اپنے کنبہ کے ساتھ پہنچی ۔ دروازہ کے پاس موجود پولیس اہلکار کچھ سمجھاپاتے کہ اتنے میں سبھی خودکشی کی کوشش کرنے لگے ۔ پولیس نے کسی طرح سبھی کو قابو میں کیا اور انہیں گوتم پلی تھانے لے کر پہنچی ۔متاثرہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اناو سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر اور اس کے ساتھیوں نے اس کی آبروریزی کی اور اب اسے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ پولیس میں شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ انصاف نہ ملنے سے مایوس ہوکر وہ کنبہ کے ساتھ خودکشی کرنے پر مجبور ہوئی۔پولیس کے ذریعہ کافی سمجھانے کے بعد بھی کنبہ مطمئن نہیں ہوا اور گوتم پلی تھانہ میں ہی دھرنا پر بیٹھ گیا ۔ پولیس نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد لکھنو میں بیٹھے افسران نے اناو کے ایس پی کو جانچ کے بعد سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔

جواب چھوڑیں