ویٹ لفٹنگ اور شوٹنگ میں ہندوستان کو مزید 2 گولڈ میڈلس

نوجوان نشانے باز منو بھاکر نے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں خواتین کے 10 میٹر ایئر پستول مقابلے میں ہندوستان کو چھٹا گولڈ میڈل دلایا جبکہ اسی مقابلہ میں حنا سدھو نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ آج حاصل ہوئے 2 گولڈ میڈلس اور سلور کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ملک تیسرے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اس سے قبل اتوار کی صبح خواتین ویٹ لفٹنگ میں پونے یادو نے 69 کیلوگرام زمرہ میں گولڈ میڈل جیتا۔ منو کی یہ کامیابی اس لئے بھی خاص رہی کیونکہ انہوں نے حنا جیسی تجربہ کار نشانے باز کی موجوگی میں گولڈ میڈل پر قبضہ کیا۔ آئی ایس ایس ایف عالمی کپ میں خواتین 10 میٹر ایئر پستول مکسڈ ٹیم مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والی منو نے 388 پوائنٹ کے ساتھ دولت مشترکہ کھیلوں کا ریکارڈ کوالیفائنگ اسکور بھی بنایا اور دولت مشترکہ کھیلوں میں اپنے کیریر کے آغاز کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا اور وہ دوسرے مقام پر رہیں۔ 24 شاٹ کے فائنل میں منو نے وہیں سے آغاز کیا جہاں انہوں نے کوالی فکیشن میں چھوڑا تھا۔ تجربہ کار کھلاڑی حنا نے واپسی کی اور اپنے تیسرے دولت مشترکہ کھیلوں میں اپنے پرانے تجربے سے فائدہ اٹھایا۔ حنا پہلے مرحلے میں چھٹے مقام پر کھسک گئی تھیں لیکن 15 ویں اور 16 شاٹ پر انہوں نے 10 اور 10.4 کا اسکور حاصل کیا اور وہ تیسرے نمبر پر آگئیں۔ اس کے بعد وہ مسلسل بہتر اسکور کے ساتھ ایلینا کو پیچھے چھوڑکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئیں۔ اسی دوران آج پونم یادو نے 69 کیلوگرام زمرے میں بازی مارتے ہوئے ہندوستان کیلئے پانچواں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان کا یہ پانچواں گولڈ میڈل ہے۔ پونم یادو نے مجموعی 222 کیلوگرام کا وزن اٹھاکر اپنی قریبی حریف انگلینڈ کی سارہ ڈیویس پر برتری حاصل کی۔ ویمنس ٹیبل ٹینس ٹیم 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے فائنل میں پہنچ گئی جہاں گولڈ میڈل کیلئے اس کا مقابلہ سنگاپور کے ساتھ ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم نے اتوار کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 3-0 سے شکست دی۔ منیکا بترا نے کیلی سبلے کو 7-11, 11-5, 11-7, 11-9 سے شکست دے کر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلادی۔ اسی دوران پانچ مرتبہ کی عالمی چمپئن، اولمپک میڈلسٹ اور ایشیائی چمپئن خاتون باکسر ایم سی میریکام نے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ کر اپنے پہلے دولت مشترکہ گیمس میڈل کو یقینی بنالیا۔ 75 کیلوگرام زمرہ میں ہندوستان کے وکاس کرشنن کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں جبکہ 69 کیلوگرام زمرہ میں براہ راست کوارٹر فائنل میں کھیلنے اتریں لولکنا کو اپنی حریف کھلاڑی کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میریکام نے اسکاٹ لینڈ کی میگن گورڈن کو شکست دیکر آخری 4 میں رسائی حاصل کی۔

جواب چھوڑیں