ٹرمپ ٹاور میں آتشزدگی‘ ایک شخص ہلاک

 ٹرمپ ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور آتش فرو عملہ کے 6ارکان زخمی ہوگئے ہیں۔ نیویارک سٹی فائر ڈپارٹمنٹ نے یہ بات بتائی اور کہاکہ یہ واقعہ ہفتہ کو پیش آیا۔ پولیس نے مہلوک شخص کی شناخت ٹاڈ براسز (67) کی حیثیت سے کی ہے جوکہ بلڈنگ کے 50ویں منزل کا ساکن ہے۔ اس شخص کو تشویشناک حالت میں دواخانہ لے جایا گیا لیکن بعد میں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ یہ بات آتش فرو محکمہ کے ترجمان انجلیکا کونروئے نے بتائی۔ یہ اطلاع خبررساں ادارہ سی این این نے دی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹاڈ براسز بیہوشی کی حالت میں تھا جبکہ آتش فرو عملہ کے ارکان نے اس کو کھینچ نکالا ۔ یہ بات نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے بتائی اور کہاکہ موت کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے طبی جانچ کی جائے گی۔ آگ ٹاور کی 50ویں منزل پر بھی پھیل گئی جوکہ نیویارک میں 5th ایونیو پر واقع ہے۔ فائر کمشنر ڈینیل نائیگرو نے بتایاکہ آتش فرو عملہ کے چھ ارکان زخمی ہوگئے لیکن ان کی زندگی کو خطرہ نہیں ہے۔ یہ بات انجلیکا نے بتائی۔ ٹاور میں جس وقت آگ بھڑک اٹھی اس وقت ٹرمپ خاندان کا کوئی رکن نہیں تھا۔ صدرامریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آتش فرو عملہ کے ارکان کو مبارکباد دی کہ انہوںنے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں