آئندہ انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کی عظیم الشان کامیابی:کے ٹی آر

ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق وشہری ترقیاتی کے تارک راما رائو نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں بھی ٹی آر ایس فقید المثال کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست میں اپنے اقتدار کو برقرار رکھے گی۔ کھمم میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور مختلف کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد آج منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ شیوائی گوڑم میں ڈبل بیڈروم مکانات کے افتتاح کے بعد عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو ایک نشست پر بھی کامیابی نہیں ملے گی۔ کانگریس کا عملاً صفایا ہوجائے گا۔ ٹی آر ایس حکومت وعدہ کے مطابق ریاست کی ایک کروڑ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کے اقدامات کر رہی ہے مگر کانگریس قائدین‘ عدالت میں غیر ضروری مقدمات دائر کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں مگر چیف منسٹر کے سی آر نے کسی بھی صورت میں آبپاشی پراجکٹوں کے تعمیری کاموں کو مکمل کرنے کا پتہ کرلیا ہے۔ کانگریس دور حکومت میں کسانوں کی حالت انتہائی ابتر تھی۔ انہیں کھاد بھی میسر نہیں تھی۔ سینچائی کے مواقع بھی دستیاب نہیں تھے۔ برقی بحران سے بھی کسان پریشان تھے مگر ٹی آر ایس نے کسانوں کو وقت پر کھاد اور تخم فراہم کرتے ہوئے ان کی اہم مشکل کو دور کردیا ہے اور اب یکم جنوری سے زرعی مقاصد کیلئے ہفتہ کے 24گھنٹے بلا خلل برقی سربراہ کرتے ہوئے کسانوں کے ایک اہم مطالبہ اور حکومت نے اپنے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ گولاگڈم میں شادی خانہ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ کھمم تابوناکل روڈ کی توسیع کے کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس پروگرام میں ریاستی وزراء اندراکر ریڈی‘ ٹی ناگیشور رائو‘ رکن پارلیمنٹ سرینواس ریڈی‘ رکن اسمبلی اجئے کمار‘ مئیر پاپالال‘ ڈپٹی مئیر مرلی‘ ضلع کلکٹر این سوکیش کمار‘ پولیس کمشنر تفصیر اقبال کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ یواین آئی کے بموجب تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راو نے ضلع کھمم کی بائی پاس روڈ کے قریب تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔اس موقع پر وزیرعمارات وشوارع ٹی ناگیشور راو،وزیر انڈومنٹ اندراکرن ریڈی بھی موجود تھے ۔کھمم ضلع مستقر کی وی ڈی او کالونی میں انہوں نے تلنگانہ اکیڈیمی فار اسکل اینڈ نالج( ٹاسک )کے دفتر کا افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ٹاسک کی سرگرمیوں سے بے روزگار نوجوان استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک کی سرگرمیوں کی تمام اضلاع میں توسیع عمل میں لائی جائے گی۔کھمم اسٹیشن روڈ پر ویج اور نان ویج مارکٹ کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد کے ٹی راما راو نے رکھا ۔رگھوناتھ پالیم میں 400ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرکا بھی سنگ بنیاد رکھا۔

جواب چھوڑیں