شوٹر جیتو کو گولڈ‘ میہولی اور اپوروی کو سلور میڈلس

اسٹار نشانے باز جیتو رائے نے 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیر کے روز مردوں کے 10 میٹر ایئر پستول مقابلے میں ہندوستان کو ایک اور گولڈ میڈل دلایا جبکہ خواتین 10 میٹر ایئر رائفل میں میہولی گھوش اور اپوروی چندیلا نے بھی پوڈیم پر جگہ بناتے ہوئے سلور میڈلس اپنے نام کئے۔ آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں کے پانچویں دن ہندوستانی نشانے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تمغوں کی جھڑی لگادی۔ عالمی چمپئن اور چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے جیتو نے مردوں کے 10 میٹر ایئر پستول مقابلے میں سب سے زیادہ 235.1 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ مقام حاصل کرکے سونے کے تمغے پر قبضہ کیا۔ سنگاپور کی مارٹینا لِنڈسے ویلوسو نے بھی ہندوستانی خواتین کو سخت ٹکر دیکر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ میہولی اور ویلوسو کے مابین شوٹ آف میں کافی جدوجہد ہوئی اور دونوں نے فائنل میں دولت مشترکہ کھیل ریکارڈ کے 247.2 کے اسکور کی برابری کرلی۔ وہیں اپوروی اپنی دو کوششوں میں 9.9 اور 9.4 کے اسکور کی وجہ سے تیسرے نمبر پر کھسک گئیں۔ اوم نے کوالیفائنگ میں 584 کا سب سے اچھا اسکور کیا۔ انہوں نے 96، 96، 98، 99، 96 کی سیریز کے ساتھ دولت مشترکہ کھیلوں کے کوالیفائنگ ریکارڈ کی بھی برابری کرلی جسے نئی دہلی دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی نشانے باز اوم پرکاش سنگھ نے بنایا تھا۔ ہندوستانی فوج میں ملازم جیتو، حالانکہ کوالیفائنگ میں چوتھے نمبر پر رہے لیکن فائنل میں انہوں نے اپنا شاندار کھیل دکھایا اور آخری 2 کوششوں میں 9.2 کے اسکور کئے جبکہ آسٹریلیائی کھلاڑی کیری فائنل میں 8.6 کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر پھسل گئے اور انہیں چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ اسی دوران ہندوستان کے گورو سولنکی نے مکے بازی مقابلے میں مردوں کے 52 کیلوگرام زمرہ اور منیش کوشک نے 60 کیلو گرام وزن کے زمرے میں اپنے اپنے آخری۔ 16 راؤنڈ کے مقابلے جیت کر آج دولت مشترکہ کھیلوں کے کوارٹر فائنل میں جگہ یقینی کرلی ہے۔ ہندوستانی مکے باز گورو نے آخری۔16 رائونڈ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اسی دوران مینس ٹیبل ٹینس ٹیم نے بھی اپنا شاندار مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے ٹیم ایونٹ میں تاریخی گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ ہندوستانی ٹیم نے خطابی مقابلہ میں نائجریا کو 3-0 سے شکست دیکر یہ اعزاز حاصل کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے آج صبح پہلے سنگاپور کو سیمی فائنل میں ہرایا جس کے بعد فائنل میں اس کا مقابلہ نائجریا سے تھا جس میں اس نے شاندار جیت حاصل کی۔ اچنتا شرت کمل نے پہلے مقابلہ میں 4-11, 11-5, 11-4 سے جیت حاصل کرکے ٹیم کو 1-0 کی سبقت دلائی۔ جس کے بعد دوسرے مقابلہ میں ستھین نے 10-12, 11-3, 11-3, 11-4 سے جیت حاصل کرکے سبقت کو دوگنا کردیا ۔ ڈبلز مقابلہ میں ستھین اور ہرمیت دیسائی نے راست سیٹوں میں 11-8, 11-5, 11-3 سے جیت حاصل کی۔ اسی دوران اسپرنٹر محمد انس مردوں کے 400 میٹر ایونٹ کے فائنل میں داخل ہوگئے۔ انس نے سیمی فائنل میں 45.44 سکنڈ کا وقت لیتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا۔ بیاڈمنٹن میں سائنا نہوال‘ سریکانت اور ڈبلز ٹیم نے اپنے اپنے مقابلوں میں جیت حاصل کی ۔ ستویک اور اشونی پونپنا نے ویمنس ڈبلز میں گیمس کی تاریخ میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔

جواب چھوڑیں