وقف‘ انڈومنٹ اراضیات کے جامع سروے پر زور

چیف سکریٹری تلنگانہ ایس کے جوشی نے حالیہ عرصہ میں کئے گئے اراضیات کے جامع سروے کے طرز پر وقف اور انڈومنٹ اراضیات کا سروے کرتے ہوئے شفاف ریکارڈ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس کے جوشی نے اراضی ریکارڈز کو شفاف بنانے کے لئے محکمہ ریونیو کے عملہ کی جانب سے کی گئی مساعی کی ستائش کی اور انہوں نے وقف اور انڈومنٹ ریکارڈ زکو بھی شفاف بنانے اور ریکارڈ کو آن لائن کرنے میں دلچسپی لینے کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کے سروے کے بعد 93 فیصد اراضیات کی تفصیلات کو پارٹ ( اے ) کے تحت اور مابقی اراضیات کو پارٹ ( بی ) کے تحت رکھا گیاہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 15 ستمبر تا 31 دسمبر 2017 اراضیات کے ریکارڈ کو شفاف بنانے کیلئے خصوصی مہم شروع کی گئی تھی اور 2.56 کروڑ ایکر اراضیات کا جدید ریکارڈ تیار کیا گیا تھا۔ ایس کے جوشی نے عہدیداروں کو اسی طرزپرانڈومنٹ اور وقف اراضیات کا سروے کرنے اور شفاف ریکارڈ تیار کرتے ہوئے اس کو دھرنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں اور اراضیات کے مالکین میں پٹہ پاس بکس کی تقسیم کیلئے پاس بکس کی طباعت عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں میں رعیتو بندھو چیکس کی تقسیم کیلئے بھی چیکس کی طباعت کا کام جاری ہے۔ اس اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے کسانوں میں فی ایکر 4 ہزار روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ ۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے تمام محکموں کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے آخری بجٹ سیشن میں پوچھے گئے تمام سوالات کے جوابات متعلقہ ارکان کو فراہم کریں اور تمام سوالات کے جوابات کو متعلقہ محکموں کے ویب سائٹس پر بھی دستیاب کرائیں۔

جواب چھوڑیں