ہماچل پردیش میں المناک بس حادثہ‘30ہلاک

ہماچل پردیش میں نورپور۔چمباشاہراہ پر موضع گرچل کے قریب ایک اسکول بس، گہری کھائی میںگرگئی۔اس المناک حادثہ میں 27 اسکولی بچوں سمیت 30افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ ‘ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 100کیلومیٹر دور پیش آیا۔ مذکورہ بچے،رام سنگھ پٹھانیہ میموریل اسکول کے طلبہ تھے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ گوئند سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ 30 افرادبشمول 27بچے اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے ۔67 سالہ ڈرائیور مدن لال اور دو خاتون اساتذہ بھی مہلوکین میں شامل ہیں۔ کنگرا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس مسٹر سنتوش پٹیال نے کہا کہ یہ بس، اسکول سے بچوں کو لے کر واپس آرہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی راکیش پٹھانیہ نے جو مقامِ حادثہ پر موجود تھے، بتایاکہ 27نعشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ مزید دونعشوں کے مقام کا پتہ لگالیاگیا ہے۔ کم ازکم 13 شدید زخمیوں کو پٹھان کوٹ کے اسپتال میں فوری طور پرشریک کرادیاگیا، جہاں ایک زخمی‘ جانبر نہ ہوسکا۔ دوسرے زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ بس میں 40 تا45افراد سوار تھے۔ بیشترمہلوک بچے ، ابتدائی جماعتوں کے طلباء وطالبات تھے جن کی عمریں 10 سال سے کم تھیں۔ چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر نے ہرمہلوک کے قریبی رشتہ دار کے لئے 5لاکھ روپئے کے فوری ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ حادثہ کی‘ مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات کا حکم دے دیاگیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بس پر سے ڈرائیور نے کنٹرول کھودیا تھا، اس سبب حادثہ پیش آیا اور بس ‘ سڑک سے اچھل کر گہری کھائی میں گرگئی۔ اس حادثہ کے بعد سارے علاقہ پرغم کے بادل چھاگئے۔ حادثہ کی خبرسن کر بچوں کے والدین، زاروقطار روتے ہوئے مقامِ حادثہ پہنچے۔ امدادی اور بچاؤ کاموں کی نگرانی کرنے والوں میں ریاستی وزیرِ اغذیہ وسیول سپلائی کرشن کپور اورسینئر ریاستی وزراء موجود تھے۔ مقامی نوجوانوں کی مدد سے نعشوں کو ملبہ سے کھینچ کر نکالاگیا۔ اسی دوران نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیانائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے جانی نقصانات پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ نائیڈو نے اپنے ٹوئٹ پرکہا کہ ’’اس المناک بس حادثہ کے بارے میں جان کر مجھے گہرا صدمہ ہوا، میں‘ مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ اپنی دلی ہمدردیوں اور تعزیت کا اظہارکرتا ہوں۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ ٹوئٹ میں کہاگیا ہے کہ انسانی جانوں کے اتلاف پر مسٹر مودی نے شدید اضطراب کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ ’’اس حادثہ میں جو افراد اپنے بچوں اور عزیزواقارب سے محروم ہوگئے ہیں،میں ان کے لئے دعا کرتا ہوں اور ان سے ہمدردی و نیز یکجہتی کا اظہارکرتا ہوں‘‘۔ اسی دوران ریاستی گورنر آچاریہ دیورت ‘چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر، مرکزی وزیر جے پی نڈا ، وزیر ٹرانسپورٹ جی ایس ٹھاکر نے بھی بس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جواب چھوڑیں