رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری 6ہزار کروڑ جاری

 حکومت تلنگانہ نے رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کیلئے کمشنر زراعت کو6ہزار کروڑ روپے کی رقم جاری کی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے خریف سیزن ( جون) سے رعیتو بندھو اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کے پیش نظر حکومت نے آج کمشنر زراعت کو6ہزار کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ہر کسان کو فی ایکر4ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے جارہی ہے جس کا آغاز خریف سیزن ( ماہ جون ) سے ہوگا ۔ آنے والے زرعی سیزن میں زرعی ان پٹس کی خریدی کیلئے حکومت نے فی ایکر اراضی کے حساب سے ہر ایک کسان کو 4ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ رقم ، چیک کے ذریعہ فراہم کی جائے گی۔ آنے والا سال انتخابی سال رہے گا ۔ جس میں حکمراں جماعت ٹی آر ایس کو تین بڑے واہم پنچایت راج ، اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ پنچایت راج انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل حکومت ، کسانوں میں رعیتو بندھو کے چیکس تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ محکمہ زراعت کے ذرائع کے بموجب حکومت نے کسان کے نام اور اس کے اکاونٹ نمبر کے مطابق ایک خصوصی ایپ کو فروغ دیا ہے ۔ پاس بک اکاونٹ نمبر ٹائپ کرتے ہی کسان کی تمام تر تفصیلات اسکرین پر آجائیں گی ۔ کسان، آرڈر چیک، ڈرا کراتے ہوئے کسی بھی بینک سے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں