ریاست میں کہیں سے بھی راشن کا حصول پروگرام کامیاب:کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند

پورٹیبلیٹی کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے کسی بھی مقام کی راشن کی دکان سے راشن حاصل کرنے کا پروگرام بے حد کامیاب رہا ہے ۔ کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ریاستی سطح پر پورٹیبلیٹی پر زبردست حوصلہ افزا ردعمل مل رہا ہے ۔ کارڈ گیرندوں نے اس پروگرام کی توقع سے زیادہ پذیر ائی کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہورہی ہے کہ مختصر ترین دس دنوں کے دوران ریاست گیر سطح پر پورٹیبلیٹی کے ذریعہ 5لاکھ سے زائد لین دین ہوا ہے ۔ اس پروگرام کو یکم اپریل سے ریاست بھر میں روبہ عمل لایا گیا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز نے راشن کارڈ گیرندوں کے پرجوش ردعمل کو دیکھتے ہوئے راشن کے حصول کی تاریخ میں20 تاریخ تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے شہر کے راشن کارڈ گیرندے اب ہر ماہ یکم تا20 تاریخ تک راشن حاصل کرپائیں گے ۔ جبکہ ریاست کے تمام مقامات کے کارڈ گیرندوں کو ہر ماہ یکم تا15تاریخ تک راشن حاصل کرنا ہوگا ۔ سیول سپلائز کے کمشنرس وی آنند کے بموجب پورٹیبلیٹی ٹرانسزکشن کو متعارف کرانے10 دنوں کے اندر17023 راشن شاپس کے منجملہ13082 راشن شاپس سے 5,44378 افراد نے اپنا راشن حاصل کیا ہے ۔ حیدرآباد میں سب سے زیادہ ٹرانزکشن ہوا ہے۔ جہاں1,16632 افراد نے اس سہولت سے استفادہ کیا۔ پورٹیبلیٹی ٹرانزکشن میں میڑچل کو دوسرا مقام حاصل رہا جہاں83,057 افراد نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے ۔ اس طرح رنگاریڈی کے43,381 ، نظام آباد کے29,252 اور ورنگل میں28,944 کارڈ گیرندوں نے اس پورٹیبلیٹی لین دین سے فائدہ اٹھایا ہے۔ ریاست بھر میں ای پی او ایس کو نافذ کرنے کے بعد12تا15 فیصد استفادہ کنند گان، ہر ماہ اپنا راشن کوٹہ حاصل نہیں کرپارہے ہیں ۔ اس طرح85لاکھ خاندانوں کے منجملہ70 تا75 لاکھ خاندان ہی راشن حاصل کررہے ہیں۔ تاہم ان 10دنوں کے دوران52.57 لاکھ خاندان ( تقریباً 71 فیصد) نے اپنے کوٹہ کا راشن حاصل کرلیا ہے ۔ پورٹیبلیٹی کو متعارف کرائے جانے کے بعد راشن شاپس ڈیلروں میں بھی مسابقت بڑھ گئی ہے ۔ اب یہ ڈیلرس، کمیشن کے خاطر، مزید کمیشن کیلئے استفادہ کنندگان کو مزید اشیاء فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ کمشنر نے کہاکہ حیدرآباد کے بشمول رنگاریڈی، میڑچل میں پورٹیبلیٹی لین دین میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ تاہم انہوںنے کہا کہ فنی مسائل کو روکنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پورٹیبلیٹی ٹرانزکشن کیلئے ہر شاپ پر15 تا20 فیصد اضافی اسٹاک رکھا جارہا ہے ۔ سی وی آنند نے یہ بات کہی ۔

جواب چھوڑیں