قطر نے دہشت گردی کی مالی معاونت بند کر دی ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کی مالی معاونت بند کرنے کیحوالے سے قطر کی کوششوں کو سراہا ہے، جس حوالے سے اْنھوں نے تقریباً ایک سال قبل خلیج فارس کے ملک پر شدت پسندی کی حمایت میں ’’اعلیٰ سطح‘‘ پر فنڈ فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے۔ٹرمپ نے یہ بیان وائٹ ہاؤس میں قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کے دوران دیا ہے۔ماضی میں ٹرمپ کی جانب سے قطر پر تنقید کے بعد، قطر نے امریکہ میں اپنی ساکھ بحال کرنے اور اپنے آپ کو قابل بھروسہ اتحادی ثابت کرنے کے لیے ایک جارحانہ مہم چلائی ہے۔ٹرمپ نے ’اوول آفس‘ میں امیر کو بتایا کہ ’’اب آپ اس بات کے ایک بڑے وکیل بن گئے ہیں، جس بات کو ہم سراہتے ہیں۔ بہت سارے ملک دہشت گردی کی مالی معاونت کرتے رہے ہیں اور ہم اسے بند کرا رہے ہیں۔ یہ معاملہ تیزی کے ساتھ رکنے لگا ہے۔‘‘ایک برس قبل قطر کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے، ٹرمپ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مل گئے تھے، یہ کہتے ہوئے کہ قطر کو چاہیئے کہ وہ ایران کے ساتھ تعلقات میں کمی لائے اور دہشت گردی کی مالی معاونت بند کرے۔

جواب چھوڑیں