امبیڈکر جینتی کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے ریاستوں کو ہدایت

 مرکز نے 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی سے قبل تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ سیکوریٹی میں اضافہ کردیں اور اس تقریب کے دوران تشدد بھڑکانے کی کسی بھی امکانی کوشش کو ناکام بنادیں۔ وزارت ِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ضلع مجسٹریٹس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو اپنے حدود میں واقع علاقوں میں امن و امان کو یقینی بنانا چاہئے اور تشدد کی روک تھام کرنی چاہئے۔ وزارت ِ داخلہ نے اندرون 15 یوم یہ دوسری اڈوائزری جاری کی ہے۔ پہلی اڈوائزری 2 اپریل کو بھارت بند سے ایک دن پہلے جاری کی گئی تھی ۔یہ بندایس سی/ ایس ٹی(انسدادِ مظالم) ایکٹ میں مبینہ ترمیم کے خلاف بطور احتجاج منایاگیا تھا۔ 2 اپریل کے بھارت بند کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانہ پر تشدد جس کے نتیجہ میں کم ازکم 12 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ملک کے بعض علاقوں میں مجسموں کی توڑپھوڑ کی گئی تھی‘ کے پیش نظر یہ تازہ اڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ تمام ریاستوں کو یہ اڈوائزری جاری کی گئی ہے تاکہ وہ 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر ضروری احتیاطی اقدامات کریں۔

جواب چھوڑیں