یوپی میں طوفان بادوباراں ‘ 8 افراد ہلاک

مغربی اترپردیش میں چہارشنبہ کی رات دیر گئے طوفان بادوباراں کے سبب کم ازکم 8 افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے جبکہ شہرہ ٔ آفاق یادگار محبت تاج محل کے باب الداخلہ کے 2 مینار منہدم ہوگئے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس امیت پاٹھک نے بتایا کہ اچھنیرا علاقہ میں 5 افراد بشمول 2 خواتین اور 2 بچے ہلاک ہوئے جبکہ فتح پور سیکری علاقہ میں ایک اور موضع کوواکھیڑا میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ دیہی اور شہری علاقوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بہرحال ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ میں زائداز 15 افراد ہلاک اور زائداز 35 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوںکو ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں سے چند افرادکو آگرہ ہاسپٹل بھیج دیا گیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس(تاج سیکوریٹی) پربھات کمار نے بتایا کہ تاج محل کے باب الداخلہ پر واقع 2 ستون منہدم ہوگئے۔ اس علاقہ میں تباہی کا پتہ چلانے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یادگارِ محبت کے قریب چند درخت اور اسٹالوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس آندھی اور طوفان سے زیادہ تر دیہی علاقہ متاثر ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں کو روانہ کئے گئے عہدیداروں کی جانب سے تفصیلات ملنے کے بعد ہی نقصانات کا قطعی تعین کیا جاسکے گا۔

جواب چھوڑیں