بنگلورومیں کے سی آرکی دیوے گوڑا سے ملاقات

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھررائو نے جمعہ کو بنگلورو میں سابق وزیراعظم دیوے گوڑا سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے سی آر آج صبح خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ سے بنگلورو پہنچے جہاں انہوںنے جنتادل ایس کے سپریموایچ ڈی دیوے گوڑا کے ساتھ ان کے مکان میں ملاقات کی۔ دیوے گوڑااوران کے فرزند وسابق چیف منسٹر کمارا سوامی نے کے سی آر کاشاندار خیرمقدم کیااور چیف منسٹر کے سی آرکو شال اڑھاکر انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔ دیوئے گوڑانے نہ صرف علحدہ تلنگانہ تحریک کی تائید کی بلکہ ورنگل میں منعقدہ بڑے جلسہ عام میں بھی انہوں نے شرکت کی تھی ۔ چیف منسٹر نے علحدہ تلنگانہ تحریک کی تائید کرنے پر دیوے گوڑا سے اظہار تشکر کیا ۔ علاوہ ازیں دیوے گوڑانے کسانوں کے لئے کراپ انوسٹمنٹ اسکیم شروع کرنے پر فون پرکے سی آر کو مبارکباددی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ تین قائدین کے درمیان مجوزہ تھرڈ فرنٹ کے قیام کا معاملہ زیر بحث آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھررائو نے گوڑاکو تفصیل سے بتایا کہ وہ قومی سیاست میں سرگرم ہوناچاہتے ہیںاورقومی سیاست میں معیاری تبدیلی سے متعلق ان کی جانب سے کی جانے والی مساعی سے انہیں واقف کرایا ۔جس پر دیوے گوڑا نے کے سی آر کی سعی کی ستائش کی اوران سے ملکر اظہار یگانگت کااظہار کیا۔ 2019کے انتخابات سے قبل غیر بی جے پی اور غیر کانگریس پر مشتمل تیسرے محاذ کی کوششوں کوجلا بخشنے کے لئے کے سی آر ‘دیوئے گوڑا سے ملاقات کیلئے بنگلور روانہ ہوئے ہیں۔ قبل ازیں اس سلسلہ میں وہ کولکتہ کادورہ کرتے ہوئے مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی سے ملاقات کرچکے ہیں۔رائو کے ساتھ ونود اور سنتوش کمار ارکان پارلیمنٹ اوراداکار پرکاش راج موجودتھے۔

جواب چھوڑیں