عام آدمی پارٹی اتوار کو وزیراعظم کی قیامگاہ کا گھیراؤ کرے گی

 عام آدمی پارٹی ‘ اتوار کے دن وزیراعظم نریندر مودی کی قیام گاہ کا گھیراؤ کرے گی۔ پارٹی نے کہا کہ اُناؤ اور کٹھوعہ عصمت ریزی کیس پر وزیراعظم کی خاموشی کے خلاف یہ احتجاج کیا جارہا ہے۔ میڈیا سے خطاب میں سینئر پارٹی قائد گوپال رائے نے کہا کہ ان کی پارٹی‘ خواتین پر بڑھتے حملوں کے خلاف ملک گیر مہم بھی چلانے والی ہے۔ رائے نے کہا کہ ملک کو جب بھی مسئلہ درپیش ہوتا ہے وزیراعظم خاموش ہوجاتے ہیں۔ وہ خاموش کیوں ہیں؟ وجہ کیا ہے؟ منموہن سنگھ تک بولا کرتے تھے۔ گوپال رائے نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ ‘ اُناؤ میں ملزم بی جے پی رکن اسمبلی کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اتوار کی شام وسطی دہلی کے پٹیل چوک میٹرو اسٹیشن سے مودی کی قیام گاہ تک مارچ کرے گی۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا عام آدمی پارٹی کو ریالی کے لئے پولیس کی اجازت ملی ہے‘ گوپال رائے نے آئی اے این ایس سے کہا کہ عورتوں پر حملے کیا پولیس کی اجازت سے ہورہے ہیں؟ ۔ ہم صرف وزیراعظم سے ملنا چاہتے ہیں۔

جواب چھوڑیں