ممبئی انڈینس اور دہلی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع

آئی پی ایل 2018 میں کل 2 میاچس کھیلے جائیں گے۔ دن کا پہلا مقابلہ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس اور جدوجہد سے دوچار دہلی ڈیر ڈیولس کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ شام میں ہونے والا دوسرا مقابلہ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اور سن رائیزرس حیدرآباد کے درمیان ہوگا۔ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کو اب تک کھیلے گئے دونوں مقابلوں میں شکست سے دوچار ہونا پڑا جبکہ دہلی کی ٹیم بھی ابھی تک اپنا کھاتہ کھولنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ ممبئی کیلئے اصل مسئلہ بیاٹنگ کے شعبہ میں ہے کیونکہ کپتان روہت شرما‘ کرن پولارڈ‘ ایشان کشن کے علاوہ کرونال پانڈیا بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بیاٹنگ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ کل ہونے والے مقابلہ میں خاص طورپر روہت اور پولارڈ کو ذمہ دارانہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔ دوسری جانب کولکتہ کو 2 مرتبہ چمپئن بنانے والے گوتم گمبھیر بھی دہلی کی قسمت بدل نہیں پائے جو گذشتہ سیزن میں بھی بری طرح ناکام ثابت ہوئی تھی۔ دہلی کو گذشتہ مقابلہ میں راجستھان کے خلاف شکست اٹھانی پڑی تھی جبکہ پہلے مقابلہ میں پنجاب نے اسے شکست دی تھی۔ اس طرح کل دونوں ناکام ٹیموں کا مقابلہ ہوگا اور دونوں پر جیت کیلئے زبردست دبائو ہوگا۔ دہلی کے بہتر مظاہرہ کا زیادہ تر دارومدار کپتان گمبھیر‘ کولن منرو‘ میکسویل اور کریس موریس پر رہے گا۔ دہلی کی ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں بھی ہوسکتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق منرو کی جگہ جیسن رائے کو موقع مل سکتاہے۔ میاچ دوپہر 4 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں