آر سی بی کا آج راجستھان سے مقابلہ

آئی پی ایل 2018 میں کل بھی 2 میاچس کھیلے جائیںگے۔ پہلا میاچ رائل چیالنجرس بنگلور (آر سی بی) اور راجستھان رائیلس کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مقابلہ کنگز الیون پنجاب اور چینائی سوپر کنگز کے درمیان ہوگا۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت والی آر سی بی نے کل کنگز الیون پنجاب کو شکست دیکر جاریہ ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی درج کی۔ آر سی بی کی کامیابی میں بولرس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلرس کا اہم رول رہا جنہوں نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ کپتان ویراٹ کوہلی اور برینڈن میکلم اپنا بہترین کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے۔ بولنگ کے شعبہ میں تجربہ کار فاسٹ بولر اومیش یادو نے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیاتھا جن سے کل بھی ایسے ہی مظاہرہ کی توقع ہے۔ دوسری جانب راجستھان رائیلس اور کپتان اجنکیا رہانے پر کل کے مقابلہ میں کافی دبائو رہے گا جس نے گذشتہ بارش سے متاثرہ مقابلہ میں دہلی کو شکست دی تھی۔ راجستھان کے پاس بہترین بیاٹنگ لائن اپ ہے تاہم وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ کپتان رہانے‘ بن اسٹوکس اور آسٹریلیا کے ڈی آرسی شارٹ کو کل آر سی بی کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے عین مطابق مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بولنگ کے شعبہ میں دھاول کلکرنی‘ جئے دیو اندکت کے علاوہ آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائی اور بن اسٹوکس پر زیادہ دارومدار رہے گا۔ میاچ دوپہر 4 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں