ملک کو ترقی یافتہ بنانے مرکز کی مختلف اسکیمات : دھرمیندر پردھان

مرکزی حکومت ملک کی تیز ترقی کو یقینی بنانے عملی اقدامات کررہی ہے۔ حکومت نے مستحق و غریب افراد کو انصاف دلانے مختلف اسکیمات کو متعارف کیا ہے تاکہ عوام کو راحت حاصل ہو۔ ان دنوں نریندر مودی کی مضبوط قیادت و مرکزی حکومت کی اطمینان بخش کارکردگی سے ملک عالمی سطح پر رول ماڈل بن رہا ہے۔ اگر حکومت کی کارکردگی آنے والے دنوں میں اسی طرح جاری رہی تو ملک بہت جلد سوپر پاور میں تبدیل ہوجائے گا۔ عوام کو مرکزی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے سوریا پیٹ ایس وی کالج میں جدید اجولہ اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت نے ملک کے نادار و غریب عوام بالخصوص کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمات کو متعارف کیا۔ ان میں امرت، ایس جی وی سی، آواز یوجنا، پردھان منتری یوجنا کے علاوہ دیگر اسکیمات شامل ہیں۔ اس کے باوجود عوام کا ایک بڑا طبقہ مرکز کی اسکیمات سے ناواقف ہے۔ اگر عہدیدار ان مرکزی اسکیمات سے متعلق عوام میں شعور بیدار کریں تو نہ صرف اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے بلکہ عوام کو انصاف دلانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کو مرکزی اسکیمات کے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے آگے آنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دھرمیندر پردھان نے یہاں مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اجولہ گیاس اسکیم پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت نے پہلے مرحلہ کے تحت اس اسکیم کے تحت ملک کے غریب خاندانوں اور 5 کروڑ خواتین کو مفت گیاس کنکشن فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ حکومت نے سرکاری فنڈس سے خطیر رقم کی منظوری دی ہے۔ حکومت کا مقصد ہر گھر سے لکڑیوں کے چولھے کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے بھارت پٹرولیم کے استحکام کے لئے اپنی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے بہت جلد زمینی لائنس کے ذریعہ گھریلو ضرورت کے لئے پکوان گیاس کی سربراہی کو یقینی بنانے کے بھی اقدامات کا اعلان کیا۔ سابق وزیر بنڈارو دتاتریہ، بی جے پی اسمبلی فلور لیڈر و پارٹی صدر ڈاکٹر لکشمن نے اپنی تقاریر میں اجولہ گیاس اسکیم کے آغاز پر عوام کو مبارکباد دی اور عنقریب مزید اسکیمات متعارف کرنے کا اشارہ دیا۔ انہوں نے نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت سے مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آئی تب سے نہ صرف ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ صنعت اور معیشت میں ملک نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی کارکردگی پر نکتہ چینی کی اور حکومت پر مرکزی اسکیمات کو دبانے اور مرکزی اسکیمات کو اپنا نام دے کر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے آنے والے عام انتخابات میں مرکز و ریاست میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کا بھی دعویٰ کیا۔ تقریب کو بی جے پی اسٹیٹ نائب صدر و سابق رکن اسمبلی پی وینکٹیشور رائو نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے امبیڈکر جینتی تقاریب کے ضمن میں امبیڈکر چوراہے امبیڈکر مجسمہ پر پھول مالائیں پیش کرتے ہوئے گلہائے عقیدت پیش کیا۔ مرکزی وزیر مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے حیدرآباد سے بذریعہ ہیلی کیاپٹر سوریا پیٹ پہنچے۔ ایس وی کالج گرائونڈ پر قائم کردہ ہیلی پیاڈ پر جے سی سنجیوا ریڈی، آر ڈی او موہن رائو، مقامی تحصیلدار شیخ محمود علی، بی جے پی اسٹیٹ نائب صدر سی وینکٹیشور رائو اور دیگر نے وزیر موصوف کا والہانہ استقبال کیا۔

جواب چھوڑیں