میری کام کو کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل

ہندوستان کی اسٹار خاتون باکسر ایم سی میریکام نے عالمی، ایشیائی اور اولمپک میڈلس کے بعد اب دولت مشترکہ کھیلوں میں کیریر کا آغاز کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرکے اس کمی کو بھی پورا کردیا ہے۔ اکیسویں دولت مشترکہ کھیلوں میں میریکوم نے اپنے 45۔48 کیلوگرام وزن کے زمرہ کے گولڈ میڈل کیلئے آئرلینڈ کی کرسٹینو او ہارا کو یکطرفہ مقابلہ میں شکست دیکر گیمس میں اپنا پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔ گزشتہ برس ایشین چمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی کھلاڑی نے سیمی فائنل میں سری لنکا کی انوشا دل رکشی کوڈیتھوواکو کو 5-0 سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دیگر مکے بازوں کے مقابلے میں مردوں کے 52 کیلو گرام وزن کے زمرے میں گورو سولنکی نے آئرلینڈ کے برینڈن ارون کو شکست دی۔ رکن پارلیمنٹ اور 3 بچوں کی ماں میریکام نے ہندوستان کو گولڈ کوسٹ کھیلوں کا 18 واں سونے کا تمغہ دلایاہے۔ انہوں نے جیت کے بعد اپنے کوچ کے کندھے پر بیٹھ کر جیت کا جشن منایا اور یہ تمغہ اپنے بچوں کے نام کیا۔ 35 سالہ میریکام کیلئے اس عمر میں یہ میڈل حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ اسی دوران ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے ہفتہ کو 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 86.47 میٹر تک بھالا پھینک کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ وہ اس مقابلے میں دولت مشترکہ کھیلوں کا گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ نیرج کا یہ گولڈ میڈل دولت مشترکہ کھیلوں میں چوتھا تمغہ ہے۔ دریں اثناء ہندوستان کے سنجیو راجپوت نے آج 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے آخری دن نشانے بازی میں مردوں کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن مقابلہ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا ۔ سنجیو نے دولت مشترکہ کھیلوں میں جملہ 454.5 کا ریکارڈ اسکور بنایا اور سرفہرست رہتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا جو دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی شوٹر کا تیسرا تمغہ ہے۔ قبل ازیں انہوں نے 2014 گلاسگو کھیلوں میں سلور اور 2006 میں 50 میٹر رائفل پرون میں برانز میڈل حاصل کیاتھا۔ اسی دوران باکسنگ کے شعبہ میں بھی ہندوستان کو آج 2 گولڈ میڈلس حاصل ہوئے ۔ پہلے باکسر گورو سولنکی نے مینس فلائی ویٹ (52 کیلوگرام) زمرہ میں ہندوستان کو گولڈ میڈل دلایا۔ سولنکی نے ناردرن آئرلینڈ کے برینڈن اروائن کو 4:1 سے شکست دیکر یہ اعزاز حاصل کیا۔ مینس زمرہ میں ایک اور باکسر منیش کوشک نے سلور میڈل حاصل کیا۔ منیس کو لائیٹ ویٹ (60 کیلوگرام) زمرہ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہیری گارسائیڈ کے خلاف 2:3 سے شکست ہوئی۔

جواب چھوڑیں