انکائونٹر سے بچنا ہے تو بی جے پی قائدین سے سودا کرلو۔آڈیو کلپ وائرل

اترپردیش پولیس کو اتوار کے دن اس وقت شرمندگی اٹھانی پڑی جب کہ ایک آڈیو کلپ میں ایک پولیس عہدیدار ایک خطرناک مجرم کو انکائونٹر سے بچانے اس سے سودا کرتا پایا گیا۔ آٹھ منٹ کے آڈیو میں مورانی پور پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہائوز آفیسر سنیت کمار سنگھ کو اغواء قتل اور جبری وصولی کے کئی کیسس کے ملزم لیکھ راج یادو سے مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سناگیا کہ ریاستی پولیس کی انکائونٹر فہرست میں اس کا نام سب سے اوپر ہے۔ یادو اگر خود کو بچانا چاہتا ہے تو اسے بی جے پی کے مقامی قائدین سے سودا کرنا ہوگا۔ آڈیو تیزی سے وائرل ہوگیا اور پولیس عہدیدار کو فوری معطل کردیا گیا۔ یادو نے جو فی الحال ضمانت میں ہے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پولیس عہدیدار سے یہ بات چیت جمعہ کو ریکارڈ کی تھی۔ اس شام کہا جاتا ہے کہ یادو انکائونٹر سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ ایک دن بعد اس نے آڈیو کلپ میڈیا کو دے دی۔ میڈیا اطلاعات کے بموجب پولیس عہدیدار نے آڈیو کلپ میں یادو سے کہا کہ وہ اس کی مدد نہیں کرسکتا۔ اس نے اسے مشورہ دیا کہ اسے ببینا کے رکن اسمبلی راجیو سنگھ پریچا اور بی جے پی کے ضلع صدر سنجے دوبے سے سودا کرلے۔ پولیس عہدیدار نے یادو سے کہا کہ اس کا نام کم از کم 60 فوجداری کیسس میں ہے۔ اس لحاظ سے اس کا انکائونٹر پکا ہے۔ پولیس عہدیدار نے یادو کو دھمکی دی کہ اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔ پولیس عہدیدار نے یادو سے یہ بھی کہا کہ اس جیسے ہوشیار آدمی کو سسٹم کو سمجھنا چاہیے اور جلدی حرکت میں آنا چاہیے۔ سماج وادی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا چندر پال سنگھ یادو نے بی جے پی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ریاست بھر میں یہی ہو رہا ہے۔ یو پی میں گذشتہ سال ایک ہزار انکائونٹرس میں 50 سے زائد لوگ مارے گئے۔ پولیس ذرائع نے اتوار کے دن توثیق کی کہ آڈیو کلپ کو فارنسک جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں