دھرمیندر‘ راج کپور کارنامہ حیات ایوارڈ کیلئے منتخب

 ماضی کے اداکار دھرمیندر فلمساز راجکمار ہیرانی کو بالترتیب باوقار راج کپور کارنامہ حیات ایوارڈ اور راج کپور خصوصی تعاون ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ اس بات کا آج یہاں مہاراشٹرا کے وزیر ثقافت ونود تاوڈے نے اعلان کیا۔ ماضی کے مراٹھی اداکار وجئے چوہان کو وی شانتارام کارنامہ حیات ایوارڈ جبکہ اداکار وہدایت کارمرنال کلکرنی کو وی شانتارام خصوصی تعاون ایوارڈ دیا جائے گا۔ تاوڈے نے کہا انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ دھرمیندر کو مہاراشٹرا اسٹیٹ کے راج کپور کارنامہ حیات ایوارڈ اور ہدایت کار راجکمار ہیرانی کو راج کپور خصوصی تعاون ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ انہیں مبارکباد پیش ہے۔ 82سالہ دھرمیندر جنہوں نے متعدد ایکشن فلموں میں کام کرتے ہوئے فلم انڈسٹری میں ’’ہی میان‘‘ کی شبیہ قائم کی تھی ان کی چند یادگار فلموں میں شعلے‘ چپکے چپکے‘ یادوں کی بارات‘ ستیہ کام اور سیتا اور گیتا شامل ہے۔ ہیرانی‘ ہندی سینما کے ایک مشہور فلمساز ہیں۔ ان کی فلموں جیسے منا بھائی ایم بی بی ایس‘ تھری ایڈیٹس اور پی کے کو فلمی نقادوں کی جہاں ستائش ملی وہیں تجارتی سطح پر بھی ان فلموں نے کامیابی حاصل کی۔ کارنامہ حیات ایوارڈ 5لاکھ روپئے نقد اور توصیف نامہ پر مشتمل ہے جبکہ خصوصی تعاون ایوارڈ کے تحت 3لاکھ روپئے نقد معہ توصیف نامہ دئیے جائیں گے۔ یہ ایوارڈس 55ویں مہاراشٹرا اسٹیٹ مراٹھی فلم فیسٹول کے موقع پر دئیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں