فخر زمان اور ا مام الحق کو پہلی مرتبہ ٹسٹ ٹیم میں موقع

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 5 روزہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور دیگر صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد ٹسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت کی تھی اور 5 روزہ کیمپ مکمل ہونے کے بعد 25 میں سے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں اننگز کی شروعات کرنے والے جارحانہ بلے باز فخر زمان کو پہلی مرتبہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیاگیا ہے جبکہ آل رائونڈر فہیم اشرف بھی پہلی مرتبہ طویل مدتی فارمیٹ میں اپنا نام شامل کرنے میں کامیاب رہے۔ تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ کی غیرموجودگی میں سلکٹرس نے شاداب خان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھی انگلینڈ کا ٹکٹ فراہم کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹسٹ میچ 11 سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ کے خلاف 2 ٹسٹ میاچس پر مشتمل سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا اور دوسرے ٹسٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔ 16 رکنی اسکواڈ اس طرح ہے۔ سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی ، سمیع اسلم، حارث سہیل، بابراعظم، فخر زمان، امام الحق، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان‘ محمد عامر‘ محمد عباس، سعد علی، حسن علی، فہیم اشرف‘ راحت علی۔

جواب چھوڑیں