کانگریس کی 23 اپریل سے دستور بچائو ملک گیر مہم

دلتوں کا دل جیتنے کانگریس صدر راہول گاندھی 23 اپریل کو اپنی پارٹی کی ملک گیر ’’ دستور بچائو‘‘ مہم کا آغاز کریں گے۔ اس مہم کا مقصد دستور اور دلتوں پر مبینہ حملوں کو اجاگر کرنا ہے۔ کانگریس کے موجودہ اور سابق دلت ارکان پارلیمنٹ، ضلع پریشد صدور، بلدی اداروں اور پنچایت سمیتیوں کے سربراہ اس میں حصہ لیں گے۔ کانگریس کے علاقائی یونٹس کے عہدیداروں کے علاوہ اس کے یوتھ، ویمن اور سیوا دل ونگ کے لوگ بھی حصہ لیں گے۔ تقریب نئی دہلی کے تال کٹورا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ توقع ہے کہ اس میں شرکت کرنے والے پیام کو آگے لے جائیں گے اور ریاستوں میں دلتوں کا دل جیتنے ایسی مہم چلائیں گے۔ کانگریس کے شعبہ شیڈولڈ کاسٹ کے سربراہ اور مہم کے منتظم نتن راوت نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دور میں دستور خطرہ میں ہے۔ دلتوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع سے محروم کیا جارہا ہے۔ مختلف مسائل پر دلتوں میں برہمی ہے۔ اجلاس میں اسے اجاگر کیا جائے گا۔ راوت نے کہا کہ کانگریس دور اقتدار میں ایسا نہیں تھا۔ کانگریس نے دلتوں کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔ ملک کے رائے دہندوں کی جملہ تعداد میں دلتوں کا تناسب 17 فیصد ہے۔ 84 پارلیمانی حلقوں میں درجہ فہرست ذاتوں کے لئے محفوظ ہے۔ بی جے پی کو 2014ء کے لوک سبھا الیکشن میں درج فہرست ذاتوں کی لگ بھگ نصف نشستیں ملی تھیں۔ راوت نے کہا کہ کانگریس اس بار چاہتی ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں اسے دلتوں کی زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل ہوں۔ دلت برادری ملک بھر میں راہول گاندھی تائید کرے اس کی کوششیں جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں