جاریہ سال نارمل بارش ہوگی ‘محکمہ موسمیات کا اعلان

 ہندوستان میں جاریہ سال نارمل بارش ہوگی۔ امکان ہے کہ بارش کا اوسط 97 فیصد رہے گا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیر کے دن یہ اعلان کیا۔ 96 تا 104 فیصد بارش کو‘ نارمل مانسون سمجھا جاتا ہے۔ قبل ازیں 4 اپریل کو موسم کی پیش قیاسی کرنے والی خانگی ایجنسی اسکائی میٹ نے بھی پیش قیاسی کی تھی کہ نارمل بارش ہوگی۔ اس نے کہا تھا کہ 100 فیصد بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ یکم جون تا 30 ستمبر بارش کا موسم ہوتا ہے اور واضح تصویر جون میں ہی ابھرے گی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل کے جے رمیش نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان میں جاریہ سال نارمل بارش ہوگی۔ مجموعی طورپر 97 فیصد بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بارش متواتر ہوگی۔ 90فیصد سے کم بارش کو ناکافی سمجھا جاتا ہے۔ 2017میں محکمہ موسمیات نے اپریل میں اپنی پہلی پیش قیاسی میں کہا تھا کہ اوسطاً 96 فیصد بارش ہوگی۔

جواب چھوڑیں