مشتبہ دہشت گرد دکھائی دینے پر پٹھان کوٹ میں تلاشی مہم

سیکوریٹی ایجنسیاں چوکس ہیں اور پنجاب کی سرحدی پٹی میں بالخصوص سرحدی ضلع پٹھان کوٹ اور قریبی علاقوں میں تلاشی لے رہی ہیں کیونکہ علاقہ میں 2 مشتبہ دہشت گرد دیکھے گئے۔ پنجاب پولیس‘ فوج اور نیم فوجی دستوں نے سرچ آپریشن شروع کردیا کیونکہ پاکستان اور جموں و کشمیر کی سرحد سے متصل بامیال سیکٹر میں 2مشتبہ مسلح افراد‘ فوجی وردری میں دکھائی دیئے۔ پٹھان کوٹ ضلع پولیس کے سربراہ وکاس شیل سونی نے میڈیا کو بتایا کہ سیکوریٹی ایجنسیوں نے سرحدی پٹی میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ مشتبہ افراد نے اتوار کی رات مسکین علی کی ماروتی آلٹو کار روکی تھی اور لفٹ مانگی تھی لیکن علی اور اس کے دوست نے کار آگے بڑھادی۔ علی نے پنجاب پولیس کو خبر دی جس پر پیر کی صبح سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ جموں وکشمیر کی سیکوریٹی ایجنسیوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کے پٹھان کوٹ اڈہ پر مشتبہ پاکستانی دہشت گردوں نے 2 جنوری 2016 کو حملہ کردیا تھا جس میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پٹھان کوٹ میں دفاعی ادارے‘ فضائیہ کا اڈہ اور فوج کا مامون کنٹونمنٹ واقع ہیں۔

جواب چھوڑیں